Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ کب تک جاری رہے گا؟

مون سون کی بارشیں پاکستان میں ستمبر کے وسط تک جاری رہیں گی۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بارشوں کا موجودہ سلسلہ 18 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
جمعے کو اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ ’عموماً مون سون بارشوں کا سلسلہ ستمبر کے وسط تک جاری رہتا ہے جس کے بعد اس کی شدت میں کمی آ جاتی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے بیشتر حصوں میں اب بھی بارشیں جاری ہیں اور ان میں کمی کا کوئی امکان نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جیسے ہی بارش کا موجود سپیل ختم ہوگا چند ہی گھنٹوں یا دنوں بعد ایک دوسرا سلسلہ ملک میں داخل ہو جائے گا۔‘
سردار سرفراز کے مطابق 14 یا 15 اگست سے بارشوں کا ایک نیا سلسلہ شمال مشرقی پنجاب اور خیبر پختونخوا میں داخل ہوگا۔
واضح رہے اس وقت بھی سندھ اور بلوچستان کے کئی شہروں میں موسلا دھار بارشیں جاری ہیں اور بلوچستان کے کئی اضلاع میں سیلابی صورتحال کے سبب ایمرجنسی نافذ کی جا چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک اعلامیے کے مطابق تیز بارشوں کے سبب سندھ اور بلوچستان کے کئی شہروں بشمول کراچی، حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، لسبیلہ، خضدار اور حب میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے مچھیروں کو انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ 14 اگست تک سمندر میں لہریں اونچی ہوں گی لہٰذا وہ احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

شیئر: