Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تحریک انصاف کی طرف سے امریکہ میں پی آر فرم ہائر کرنے کی تصدیق

دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی نے چھ ماہ کے لیے 25 ہزار ڈالر ماہانہ پرلابنگ فرم کی خدمات حاصل کیں(فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان تحریک انصاف نے امریکہ میں اپنا تاثر بہتر کرنے کے لیے ایک پبلک ریلیشن فرم کی خدمات حاصل کی ہیں جسے ماہانہ 25 ہزار ڈالر ادا کیے جائیں گے۔
جمعے کو امریکی فرم کی دستاویزات سامنے آنے کے بعد اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے اپنی ٹویٹ کا حوالہ دیا جس میں انہوں نے فرم ہائر کرنے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’یہ لابنگ فرم نہیں ہے۔‘
اپنی ٹویٹ میں سابق وزیر اطلاعات فواد چودھری نے لکھا کہ ’میں نے کاغذات کے اردو ترجمے کے لیے کہا ہے تاکہ لائق فائق صحافی اور وزراء کو سمجھ آ سکے کہ یہ لابی فرم نہیں ہے بلکہ میڈیا ریلیشن شپ کی فرم ہے جو پی ٹی آئی امریکہ نے میڈیا میں اپنے نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے انگیج کی ہے، ان کمپنیز کا کام ہوتا ہے کہ وہ میڈیا اور پارٹی میں تعلقات کار بنائیں۔‘
اس سے قبل ٹوئٹر پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے پی ٹی آئی اور امریکی فرم فرم ’فینٹن آرلوک‘ کے درمیان معاہدے کی دستاویز شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’پی ٹی آئی سربراہ عمران خان اب امریکہ سے معافی تلافی پر اتر آئے ہیں۔‘
دستاویز کے مطابق پی ٹی آئی نے چھ ماہ کے لیے 25 ہزار ڈالر ماہانہ پرلابنگ فرم ’فینٹن آرلوک‘ کی خدمات حاصل کیں اور معاہدے کے مطابق کمپنی پی ٹی آئی کو پبلک ریلیشنز سروسز فراہم کرے گی۔
اس کے علاوہ کمپنی اخبارات میں آرٹیکلز چھپوانے، پی ٹی آئی نمائندوں اور حمایت کرنے والوں کے ٹی وی انٹرویوز کا اہتمام کرے گی اور دیگر پبلک ریلیشنز سروسز کا اہتمام کرے گی۔

فواد چودھری نے فرم ہائر کرنے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ ’یہ لابنگ فرم نہیں ہے۔‘ (فوٹو: پی آئی ڈی)

معاہدے میں لکھا ہے کہ ’یہ ایگریمینٹ پی ٹی آئی امریکہ اور فینٹن آرلوک کے درمیان ہے اور اس میں پی ٹی آئی پاکستان شامل نہیں ہے۔‘
معاہدہ یکم اگست 2022 سے 31 جنوری 2023 تک نافذالعمل ہوگا۔
معاہدے کے مطابق پی ٹی آئی امریکہ فرم کو ٹریول اور دیگر اخراجات کے لیے الگ سے ادائیگی کرے گی۔
اس سے قبل بھی پی ٹی آئی حکومت نے گزشتہ سال جون میں یہی فرم ہائر کی تھی اور اس وقت کہا گیا تھا کہ ’پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات بہتر کرنے کے لیے یہ فرم ہائر کی گئی ہے۔‘
’فینٹن آرلوک‘ گزشتہ سال مارچ میں امریکہ میں رجسٹرڈ کی گئی تھی جس کے مالکان میں ڈویڈ فینٹن اور ایرا آر لوک شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی سمیت ملک کی سیاسی جماعتیں امریکہ میں لابنگ فرم ہائر کرتی رہی ہیں۔ مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھی امریکہ میں لابنگ فرم کی خدمات حاصل کی تھیں۔

شیئر: