Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جدہ میں خودکش دھماکے پر پاکستان کا سعودی عرب سے اظہار یکجہتی

جدہ میں خودکش حملہ آور کے دھماکے سے ایک پاکستانی شہری بھی زخمی ہوا۔ فوٹو: اے ایف پی
جدہ میں خودکش دھماکے پر پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
 سنیچر کو دفتر خارجہ سے جاری کیے گئے بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان جدہ میں ہونے والے حالیہ دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتا ہے جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری بھی زخمی ہوا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔‘
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ’پاکستان کی حکومت اور عوام سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی عرب کی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور گہری یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔‘ 
جمعے کو عبداللہ الشہری نے اس وقت خودکش جیکٹ سے دھماکہ کیا جب حکام نے انہیں جدہ میں گرفتار کرنے کی کوشش کی جس سے ایک پاکستانی شہری اور تین سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔
دھماکے پر عرب ملکوں اور او آئی سی نے بھی سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

شیئر: