Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی عوام نے فیصلہ دیا ہے کہ نواز شریف واپس آئیں: جاوید لطیف

جاوید لطیف نے کہا کہ اب ہم نواز شریف کو جیل میں نہیں جانے دیں گے۔
پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما میاں جاوید لطیف نے کہا کہ ’پاکستان کے عوام ڈاکٹر ہیں۔ انہوں نے فیصلہ دیا ہے کہ نواز شریف اب واپس آ جاؤ۔‘
میاں جاوید لطیف نے پیر کو لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’نواز شریف جیل سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔ نواز شریف باہر تھے تو انہیں سزا سنا دی گئی تھی۔ وہ بیٹی کا ہاتھ تھام کر اپنی شریک حیات کو بستر مرگ کو چھوڑ کر پاکستان آ گئے تھے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ساتھ چونکہ زیادتی ہوئی۔ ثاقب نثار کے کہنے پر ہمارے خلاف فیصلہ دیا گیا اس لیے اب ہم نواز شریف کو جیل میں نہیں جانے دیں گے۔ ان کا بڑا استقبال کریں گے۔‘
ایک سوال کے جواب میں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ’ہم اسٹیبلشمنٹ سے دشمنی رکھنا چاہتے ہیں اور نہ دوستی ۔ سب اداروں اور سیاسی جماعتوں کو آئین و قانون کے مطابق چلتا ہو گا۔‘
نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’دیکھیں ڈاکٹر مختلف اوقات میں اپنی رائے تبدیل کرتے رہتے ہیں۔ اُس وقت کے ڈاکٹر مناسب نہیں سمجھتے تھے کہ پاکستان کا موسم سازگار ہے۔ اب پاکستان کے عوام ڈاکٹر ہیں۔انہوں نے فیصلہ دیا ہے کہ اب ہماری بس ہو گئی ہے۔ اب نوازشریف واپس آ جاؤ۔‘
یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں سے نواز شریف کی وطن واپسی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ رواں ماہ کے اوائل میں سابق گورنر سندھ اور ترجمان مریم نواز محمد زبیر نے کہا تھا کہ ’پاکستان مسلم لیگ نواز کے سربراہ میاں محمد نواز شریف چند ہفتوں میں پاکستان واپس آجائیں گے۔‘
کراچی میں اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے واپس آنے پر سب کو معلوم ہوجائے گا کہ وہ ابھی بھی کتنے مقبول ہیں اور کتنے لوگ انہیں چاہتے ہیں۔
محمد زبیر کا کہنا تھا پاکستان میں لاکھوں کروڑوں لوگ چاہتے ہیں کہ نواز شریف وطن واپس آکر عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کریں۔

شیئر: