Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی سفیر کا پاکستان میں سیلاب زدگان کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا اعلان

بلوچستان میں سیلاب سے اب تک 196 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ نے پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سفارتخانے نے منگل کو ٹوئٹر پر سفیر ڈونلڈ بلوم سے منسوب ایک بیان میں کہا کہ ’امریکہ پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہے۔‘
امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ انہوں نے سیلاب کے بعد انسانی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے مدد کی اپیل کی اور جواب میں امریکی امدادی ادارے یو ایس ایڈ نے متاثرہ آبادی کے لیے ایک لاکھ ڈالرز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امداد سے ضروری اشیاء خریدنے میں مدد ملے گی جس سے لوگوں کی پریشانیوں میں کمی آئے گی۔
’اس مصیبت کے نتیجے میں انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، بہت سے لوگوں کے پیارے کھو گئے، روزگار اور گھر تباہ ہوئے۔‘
ڈونلڈ بلوم کا مزید کہنا تھا کہ وہ پاکستان میں موجود اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر سیلاب زدہ افراد کی مدد کریں گے۔
پاکستان میں جاری مون سون بارشوں سے ملک بھر میں بھاری جانی و مالی نقصان دیکھنے میں آیا ہے۔ صوبہ بلوچستان ان بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔
بلوچستان حکومت کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے اور متاثرین کی بحالی کے لیے کم از کم 35 ارب روپے کی ضرورت ہے۔
صوبے میں سیلاب کے باعث ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 196 تک پہنچ چکی ہے۔
بلوچستان کے وزیراعلٰی عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ بلوچستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے 15 ارب روپے اور بحالی کے مرحلے کے لیے 20 ارب روپے درکار ہیں۔ وزیراعلٰی نے بلوچستان کی جانب سے وفاقی اداروں کی شراکت سے نقصانات کے مشترکہ سروے پر آمادگی کا اظہار کیا۔

شیئر: