کنگ سلمان سنٹر کا مارب میں یتیموں کی کفالت کا منصوبہ
کنگ سلمان سنٹر کا مارب میں یتیموں کی کفالت کا منصوبہ
بدھ 17 اگست 2022 14:09
موبائل کلینکس مستحقین کا مفت علاج اور دیگر طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔ فوٹو واس
سعودی عرب کے کنگ سلمان انسانی امداد و امدادی مرکز کی جانب سے گذشتہ روز منگل کو یمن کی مارب گورنری میں یتیموں کی کفالت اور ان کے خاندانوں کی معاشی طور حالت بہتر بنانے کے منصوبے کا افتتاح کیا۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے کا مقصد 50 یتیم خاندانوں کی مالی مدد اور انہیں بااختیار بنانے کے علاوہ 177 یتیموں کو ان کی تعلیم اور زندگی گزارنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
ایس پی اے کی رپورٹ کے مطابق کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے یمن کے تین گورنریٹ عدن، لحج اور مارب میں یہ منصوبے لاگو کئے گئے ہیں۔
ان تمام بنیادی منصوبوں کا بنیادی ہدف 536 یتیموں اور 166 یتیم خاندانوں کی کفالت کرنا ہے۔
اس کے علاوہ کنگ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے یمن کی حجہ گورنریٹ میں موبائل کلینکس بھیجے گئے ہیں جو کہ وہاں پر مستحقین کا مفت علاج اور دیگر طبی خدمات فراہم کر رہے ہیں۔
ان موبائل کلینکس نے 27 جولائی سے 2 اگست تک کے اعداد وشمار کے مطابق 542 افراد کو صحت کی سہولتیں اور ضروری طبی خدمات فراہم کی ہیں اس کے علاوہ 270 افراد کو مفت ادویات مہیا کی گئی ہیں۔