Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی بیسڈ جانسن کنٹرولز ازبکستان میں آپریشنز کو وسعت دینے کی خواہشمند

جدہ میں سعودی ازبک بزنس کونسل کا چوتھا اجلاس ہوا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب میں آل سالم جانسن کنٹرولز کے سی ای او نے کہا ہے کہ وہ ازبکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینا چاہتے ہیں کیونکہ ازبکستان نجی کمپنیوں کے لیے متعدد مواقع فراہم کرتا ہے۔
جدہ میں سعودی ازبک بزنس کونسل کے چوتھے اجلاس کے موقع پر عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے آل سالم جانسن کنٹرولز کے سی ای او موھند الشیخ نے کہا کہ سعودی عرب اور ازبکستان کے درمیان مختلف شعبوں میں بہت اچھی ہم آہنگی موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’ ازبکستان زراعت، پیٹرو کیمیکلز، فارماسیوٹیکلز پر توجہ دے رہا ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے پاس ان صنعتوں کو سعودی عرب سے باہر فراہم کرنے کی بنیاد موجود ہے جو ہم نے علم اور تجربے کے ساتھ یہاں تیار کی ہیں۔‘
موھند الشیخ نے کہا کہ ’ میں بنیادی طور پر ہماری فیلڈ، ایچ وی اے سی،صنعتی ریفریجریشن، کنٹرولز، آگ دبانے اور پتہ لگانے کے نظام کے بارے میں بات کر رہا ہوں۔‘
انہوں نے ریفریجریشن اور ایئر کنڈیشننگ کے شعبے میں مواقع کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کے پاس علم کی منتقلی میں تعاون اور مدد کرنے کی مہارت ہے۔
موھند الشیخ نے کہا کہ ’ جانسن کنٹرولز کا ازبکستان میں دفتر ہے اور یہ بنیادی طور پر صنعتی ریفریجریشن کی طرف ہے لیکن میں سعودی ساختہ مصنوعات ازبکستان کو برآمد ہوتے دیکھنا چاہوں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب عالمی سطح پر جانسن کنٹرولز کی دوسری بڑی مارکیٹ ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ سعودی عرب کو (جانسن کنٹرولز کے لیے) عالمی سطح پر دوسرا یا تیسرا بڑا آپریشن سمجھا جاتا ہے اور ہم 40 بلین ڈالر کی کمپنی کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔ ہمیں سعودی عرب کی سپورٹ کرنے پر فخر ہو گا اور یہ ہمیں اپنے شعبے میں صحیح علم اور مہارت پیدا کرنے کی اجازت دے رہا ہے۔

شیئر: