Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’توہین الیکشن کمیشن‘، عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنماؤں کو نوٹسز جاری

ترجمان کا کہنا ہے کہ ’پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے توہین آمیز بیانات دیے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد عمر اور فواد چودھری کو ’توہین الیکشن کمیشن‘ کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
جمعے کو ترجمان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری نے ’تقاریر میں غیر پارلیمانی زبان استعمال کی اور توہین آمیز بیانات‘ دیے۔
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رہنماؤں کو 30 اگست 2022 کو ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ’عمران خان کو توہین الیکشن کمیشن کا نوٹس چیف الیکشن کمشنر پر الزامات پر بھجوایا گیا، عمران خان نے 12 جولائی کو بھکر میں جلسے کے دوران چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز بیان دیا۔‘
نوٹس کے مطابق عمران خان نے بھکر جلسے میں الیکشن کمیشن پر بے بنیاد الزامات لگائے، عمران خان نے 18 جولائی کو بھی عوام سے خطاب میں توہین آمیز تقریر کی اور الزامات لگائے۔
نوٹس کے مطابق عمران خان نے 21 اور 27 جولائی کو بھی چیف الیکشن کمشنر کے خلاف توہین آمیز ریمارکس دیے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 30 اگست صبح 10 بجے ذاتی حیثیت یا بذریعہ وکیل پیش ہوں۔

شیئر: