Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پارٹی ویڈیو پر تنقید، فن لینڈ کی وزیراعظم نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا

سنا مرین نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی منشیات کا استعمال نہیں کیا‘ (فائل فوٹو: ٹوئٹر)
فن لینڈ کی وزیراعظم سنا مرین نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کو ایک نیوز کانفرنس میں سنا مرین نے کہا کہ ’آج میں نے اپنا ڈرگ ٹیسٹ کروا لیا ہے اور اس کے نتائج ایک ہفتے کے دوران آجائیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں نے اپنی زندگی میں کبھی بھی منشیات کا استعمال نہیں کیا۔‘
واضح رہے کہ فن لینڈ کی وزیراعظم کو حال ہی میں ان کی ایک ویڈیو لیک ہونے کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ویڈیو میں ان کو اپنے دوستوں کے ساتھ پارٹی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
سنا مرین کا مزید کہنا تھا کہ ’ان کی رات کو اپنی ذمہ داریوں کو انجام دینے کی صلاحیت پر کوئی اثر نہیں آیا تھا اور اگر انہیں کام پر جانا ہوتا تو وہ پارٹی چھوڑ دیتیں۔‘
فن لینڈ کی وزیراعظم کے ساتھ پارٹی میں ملک کی مشہور شخصیات اور فنکار موجود تھے۔ یہ ویڈیو رواں ہفتے سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور جلد ہی اندرون اور بیرون ملک کئی میڈیا ہاؤسز نے اسے جاری کر دیا۔
ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سنا مرین سے ان کے حکومتی اتحادیوں اور اپوزیشن نے ڈرگ ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس الزام پر وزیراعظم نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’مجھ پر پارٹی کے دوران منشیات استعمال کرنے کا الزام غلط ہے اور میں اپنا ڈرگ ٹیسٹ کرانے کے لیے بھی تیار ہوں۔‘

شیئر: