لوگ مجھ سے محبت کریں اور میرے احکامات کی پیروی کریں: طالبان سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ
لوگ مجھ سے محبت کریں اور میرے احکامات کی پیروی کریں: طالبان سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ
منگل 17 نومبر 2026 14:44
افغان طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کابل یونیورسٹی میں خطاب کیا (فائل فوٹو: ای پی اے)
طالبان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخوندزادہ نے منگل کو افغان دارالحکومت کابل کا ایک خصوصی دورہ کیا جہاں انہوں نے سننے والوں پر زور دیا کہ وہ عوام میں ان کے لیے محبت پیدا کریں تاکہ لوگ ان کے احکامات کی پیروی کریں۔
افغان حکومت کی جانب سے نشر کی جانے والی ایک آڈیو کے مطابق کابل یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ ’لوگوں کو سپریم لیڈر سے محبت کرنے پر آمادہ کریں تاکہ وہ ان کے احکامات کی اطاعت اور پیروی کریں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ہیبت اللہ اخوندزادہ تحریک طالبان کے جنوبی مرکز قندھار میں مقیم ہیں اور گذشتہ پانچ برس سے زائد عرصے سے احکامات کے ذریعے افغانستان کا نظام چلا رہے ہیں۔ حالیہ برسوں میں کابل کے ان کے دوروں کی تعداد انتہائی محدود رہی ہے۔
ان کی کابل یونیورسٹی آمد سے قبل شہر میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے۔ یونیورسٹی کے اطراف عمارتوں پر سنائپرز تعینات تھے، داخلی راستوں پر درجنوں فوجی گاڑیاں کھڑی تھیں جبکہ انٹیلی جنس اہلکار بھی علاقے میں موجود تھے۔
عملے اور طلبہ کے مطابق کابل یونیورسٹی اتوار سے بند تھی جبکہ مقامی رہاشیوں نے بتایا کہ سکیورٹی اہلکاروں نے ان کے گھروں کی تلاشی بھی لی۔
افغان وزارتِ اعلیٰ تعلیم کے مطابق ’کانفرنس میں طالبان حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں اور مذہبی علما سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ہیبت اللہ اخوندزادہ کی آمد سے قبل شرکا سے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر سپریم لیڈر سے اپنی بیعت کی تجدید کرنے کو بھی کہا گیا۔‘
اپنے خطاب میں ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کہا کہ ’شریعت کے احکامات پر عمل درآمد سے مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور ہم آہنگی پیدا ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اب جبکہ اسلام کو فتح حاصل ہو چکی ہے، اسلامی نظام قائم ہو چکا ہے اور اسلامی امارت کو اقتدار حاصل ہے، اس لیے لوگوں کو اسلامی امارت کی حقیقی حیثیت سمجھانا ضروری ہے۔‘
خواتین کی تعلیم سے متعلق پابندیوں کا دفاع
ہیبت اللہ اخوندزادہ عام طور پر سرکاری سطح پر جاری ہونے والے آڈیو پیغامات کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ ان کی عوامی تصاویر بھی انتہائی کم دستیاب ہیں اور افغان حکام نے اب تک ان کی صرف ایک تصویر جاری کی ہے جو دو دہائیوں سے زیادہ پرانی بتائی جاتی ہے۔
طالبان سپریم لیڈر نے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور عوامی زندگی میں شرکت پر عائد پابندیوں کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔ طالبان حکومت نے لڑکیوں کی چھٹی جماعت سے آگے تعلیم پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
طالبان سپریم لیڈر نے خواتین اور لڑکیوں کی تعلیم اور عوامی زندگی میں شرکت پر عائد پابندیوں کی حمایت کی (فائل فوٹو: روئٹرز)
کابل میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’دینی تعلیم جدید تعلیم سے زیادہ اہم ہے۔‘
خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور ان کے منظم استحصال کے الزامات پر عالمی فوجداری عدالت (آئی سی سی) نے ہیبت اللہ اخوندزادہ کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ بھی جاری کر رکھے ہیں۔
اقوام متحدہ کے مطابق سنہ 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی حکومت کے خلاف سرگرم ہونے والے چھوٹے مسلح گروہ طالبان کے اقتدار کے لیے کوئی بڑا چیلنج نہیں بن سکے۔
دوسری جانب طالبان تحریک کے اندر اختلافات سے متعلق اطلاعات بھی سامنے آتی رہی ہیں، تاہم طالبان حکومت اپنے اندر اتحاد اور یکجہتی کا تاثر پیش کرنے کی کوشش کرتی ہے۔
ہیبت اللہ اخوندزادہ قریباً ایک دہائی قبل طالبان کے سربراہ مقرر ہوئے تھے۔ طالبان کی جانب سے سنہ 2021 میں امریکی قیادت میں اتحادی افواج کے انخلا کے بعد افغانستان میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے وہ حکومتی احکامات کے ذریعے ملک کا نظام چلا رہے ہیں۔
اقوام متحدہ کی پابندیوں کی فہرست میں ہیبت اللہ اخوندزادہ کا نام شامل نہیں ہے۔