سیلاب سے تباہی، او آئی سی نے بھی فوری امداد کی اپیل کردی
سیکریٹری جنرل نے حکومت پاکستان اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)
اسلامی تعاون تنظیم (اوآئی سی) کے سیکرٹری جنرل حسین براہیم طہٰ نے پاکستان میں مون سون کی بارش اورسیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرحکومت پاکستان اور عوام سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
اوآئی سی کے سیکریٹری جنرل نے سنیچر کو ایک بیان میں تنظیم کے رکن ممالک، انسانی ہمدردی کی بنیاد پرکام کرنے والی اسلامی تنظیموں اور بین الاقوامی برادری سے پاکستان کی فوری امداد کی اپیل کی ہے تاکہ سیلاب متاثرین کی مشکلات کو کم کیا جاسکے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی مدد کی درخواست کی تھی۔
پاکستان کے مخلتف علاقوں میں اس وقت سیلابی صورتحال ہے اور امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہزاروں افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس سانحے کے لیے ’موسمیاتی تبدیلی کی ہولناکیوں‘ کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا تھا کہ حالیہ سیلاب سنہ 2010 کی اس قدرتی آفت سے بدتر ہے جس میں تقریباً دو ہزار افراد بارشوں سے سیلاب سے ہلاک ہو گئے تھے۔