Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد،امارات کا فضائی پل قائم

آنے والے دنوں میں کئی طیارے امدادی سامان لے کر روانہ ہوں گے(فوٹو وام)
 متحدہ عرب امارات نے پاکستان کے سیلاب زدگان کو امدادی سامان کی فراہمی کے لیے فضائی پل قائم کیا ہے۔
امارات کی وزارت دفاع کے جوائنٹ آپریشنز کمانڈ نے فضائی پل قائم کرنے کےلیے اقدامات کیے پیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق امدادی سامان میں بارش اور سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے شیلٹرز کا سامان، خوراک  اور طبی سامان کے پیکٹ شامل ہیں، امداد کا مقصد متاثرہ لوگوں کی تکالیف کو کم کرنے کی کوششوں میں تعاون کرنا ہے۔
امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان کی جانب سے  پاکستان کے دوست عوام کو ہر طرح کی مدد فراہم کرنے کی ہدایت کے بعد یہ اقدام سامنے آیا ہے۔
پاکستان میں امارات کے سفیر حمد عبيد إبراهيم سالم الزعابی کا کہنا ہے کہ’ امارات کا پہلا امدادی طیارہ پیر کو پاکستان پہنچا، جس کے بعد آنے والے دنوں میں کئی طیارے امدادی سامان لے کر روانہ ہوں گے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ’ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان مستحکم تعلقات کو اجاگر کرتا ہے، متحدہ عرب امارات نے گزشتہ برسوں کے دوران پاکستان میں آنے والے کئی ایک انسانی بحرانوں، خاص طور پر قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے‘۔
اماراتی سفیر نے کہا کہ’ متحدہ عرب امارات کے عالمی امدادی کردار کی بنیاد پر امارات دنیا بھر کی تمام متاثرہ کمیونٹیز کو مدد فراہم کررہا ہے‘۔ 

شیئر: