Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ورلڈ نمبر ٹو کو شکست، کیا سیرینا ولیمز نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لیا؟

سیرینا ولیمز نے یو ایس اوپن میں ورلڈ نمبر ٹو کھلاڑی کو شکست دی (فوٹو: اے ایف پی)
ورلڈ نمبر ٹو اینٹ کونٹاویٹ کو شکست دینے کے بعد امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ التوا میں جاتا دکھائی دے رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق سیرینا ولیمز نے یو ایس اوپن کے میچ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور اینٹ کونٹاویٹ کو شکست دیتے ہوئے تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئی ہیں۔
چند روز پیشتر انہوں نے ریٹائرمنٹ کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’میں ٹینس سے دور ہو رہی ہوں‘ تاہم انہوں نے یہ تصدیق نہیں تھی کہ یو ایس اوپن ان کا آخری کھیل ہوگا۔ 
سیرینا ولیمز کے حوالے سے قیاس آرائیاں تھیں کہ وہ ستمبر میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیں گی تاہم یو ایس اوپن میں بہترین کارکردگی کے بعد ان کے حوالے سے یہ تاثر زائل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔
سخت مقابلہ کرنے والی مشہور 40 سالہ امریکی ٹینس سٹار سیرینا ولیمز کا دو گھنٹے 27 منٹ تک جاری رہنے والا میچ سنسنی سے بھرپور تھا۔
میچ جیتنے کے بعد جب ان سے پوچھا گیا کہ انہوں نے ورلڈ نمبر ٹو کو کیسے شکست دی تو ان کا کہنا تھا کہ ’میں بہت اچھی کھلاڑی ہوں، میں بہتر کھیلتی ہوں اور چیلنج کا مقابلہ کرنے کو پسند کرتی ہوں۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے کچھ ثابت کرنے کی ضرورت نہیں، میں اسے ایک بونس کے طور پر دیکھتی ہوں۔‘
سیرینا ولیمز اب تک 23 اہم ٹائٹل حاصل کر چکی ہیں اور ان کا شمار ٹینس کے بہتریں کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انہوں نے ایسا سوچنا شروع کر دیا ہے کہ وہ ساتواں یو ایس اوپن جیت سکتی ہیں؟
تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کو صرف ایک میچ کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔
’میں اس سے اگے نہیں سوچتی، میں یہاں ہوں اور جو کچھ کر رہی ہوں اس میں مزہ آ رہا ہے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ میں اچھی پریکٹس کر رہی تھی مگر اس کے اچھے نتائج میچز میں نہیں آ رہے تھے، مگر اب آپ نے دیکھا، ایسا ہو رہا ہے۔‘

شیئر: