Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کراچی میں الطاف حسین کے گھر نائن زیرو میں آتشزدگی، پولیس تحقیقات میں مصروف

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی کے علاقے عزیز آباد میں واقع ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے گھر میں جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب اچانگ آگ بھڑک اٹھی۔
فائر بریگیڈ کے حکام کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ ہوسکتی ہے۔
خیال رہے نائن زیرو لندن میں خود ساختہ جلاوطنی کاٹنے والے ایم کیو ایم کے بانی الطاف حسین کے کراچی میں واقع گھر کا نمبر ہے جسے کافی عرصے تک ایم کیوایم کے ہیڈکوارٹرز کی حیثیت بھی حاصل رہی ہے۔
دوسری جانب سندھ رینجرز کے ترجمان نے اردو نیوز کو بتایا کہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب عزیزآباد کے علاقے میں واقع گھر میں لگنے والی آگ پر بروقت آپریشن کرکے قابو پالیا گیا تھا۔
رینجرز کے ترجمان نے مزید کہا کہ آتشزدگی کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم آگ بجھاتے ہوئے ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا ہے۔
کراچی پولیس کی جانب سے آتشزدگی کے معاملے پر مؤقف دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ بظاہر شارٹ سرکٹ معلوم نظر آرہی ہے لیکن اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کراچی پولیس کے ایک سینیئر افسر نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کا ماہرین سے معائنہ کروانے کا فیصلہ بھی زیر غور ہے۔
واضح رہے اگست 2016 میں الطاف حسین کی ایک تقریر کے بعد پارٹی کارکنان کی جانب سے ایک نجی نیوز چینل پر دھاوا بولا گیا تھا جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے نائن زیرو کو سیلڈ کردیا تھا جو کہ آج تک بند ہے۔
الطاف حسین کے قریبی ساتھی طارق جاوید نے اس واقعے پر لندن سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ اور ڈائریکٹر جنرل سندھ رینجرز سے آتشزدگی کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
طارق جاوید کا مزید کہنا تھا کہ ’تمام کارکنوں اور ہمدردوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ بغیر تصدیق کے باتوں کو آگے نہ بڑھائیں اور انتہائی صبر و تحمل سے کام لیں۔‘

شیئر: