Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

2030 کے فٹ بال ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کے لیے سعودی عرب کی بات چیت

کھیلوں کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کرنا سعودی عرب کی وژن 2030 کی ترقی کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی عرب 2030 کے فٹ بال ورلڈ کپ کی میزبانی کی مشترکہ بولی کے لیے مصر اور یونان میں کھیلوں کے سربراہوں کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جمعے کو مصر کی وزارت کھیل کے ترجمان محمد فوزی نے کہا ہے کہ ’تینوں ممالک کام کر رہے ہیں اور ٹورنامنٹ کے انعقاد کی درخواست کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ مصر نے گزشتہ تین سالوں میں کئی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی کی ہے اور وہ فٹ بال کے پریمیئر ٹورنامنٹ کے لیے اچھی طرح سے اہل ہے۔
ایتھنز میں یونان کی ہیلینک فٹ بال فیڈریشن کے ایک سورس نے تصدیق کی کہ تینوں ممالک مشترکہ بولی کے بارے میں بات چیت کر رہے ہیں۔
اگر بولی کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ ٹورنامنٹ 2030 کے موسم سرما میں شدید گرمی سے بچنے کے لیے منعقد کیا جائے گا، جیسا کہ اس سال نومبر اور دسمبر میں قطر میں ورلڈ کپ ہو رہا ہے۔
بولی کو کم از کم دو دیگر مشترکہ تجاویز سے مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ارجنٹینا، چلی، پیراگوئے اور یوراگوئے نے اگست کے شروع میں 2030 ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی شروع کی تھی، جبکہ سپین اور پرتگال نے گزشتہ سال اپنی مشترکہ امیدواری کا اعلان کیا تھا۔
جنوبی امریکی ممالک کی مشترکہ بولی کا مقصد 2030 کا فائنل مونٹیویڈیو کے اسی سینٹینیریو سٹیڈیم میں منعقد کرنا ہے جس نے 100 سال پہلے فائنل کی میزبانی کی تھی۔
فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا 2024 میں 2030 کے ٹورنامنٹ کے لیے میزبان کا انتخاب کرے گی۔
کھیلوں کے بڑے بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی بشمول یورپی کلب فٹ بال اور باکسنگ کے عالمی ٹائٹل کے مقابلے سعودی عرب کی وژن 2030 کی ترقی کی حکمت عملی کا ایک اہم حصہ ہے۔

شیئر: