Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان مرکز کی یمن، اردن اور تاجکستان میں امدادی سرگرمیاں جاری

یمن میں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے ہیں( فوٹو ایس پی اے۹
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی یمن، اردن اور تاجکستان میں کمزور کمیونٹیز کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے اردن کی چیری ٹیبل آرگنائزیشن کے ساتھ ایک نئے منصوبے پر دستخط کیے ہیں جو اردن میں شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے موسم سرما کے لباس فراہم کرے گا۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس معاہدے سے 23 ہزار 529  افراد کو تقریباً ایک ملین ڈالر مالیت کے واؤچرز کے ذریعے فائدہ پہنچے گا جسے وہ منظور شدہ سٹورز سے اپنے لیے موسم سرما کے لباس خریدنے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کا یمن کے مختلف حصوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ جاری ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق اس منصوبے نے اگست کے آخری ہفتے کے دوران سات لاکھ 44 ہزار لیٹر قابل استعمال پانی اور 73 ہزار لیٹر پینے کا پانی یمن کے حجہ گورنریٹ میں ضرورت مند کمیونٹیوں کو پہنچایا۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے گورنریٹ صعدة میں ایک لاکھ لٹر پینے کا پانی اور 40 ہزار لیٹر قابل استعمال پانی فراہم کیا۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تاجکستان کے چار اضلاع میں ماؤں، نوزائیدہ بچوں اور بچوں کی ہیلتھ کیئر خدمات کو بڑھانے کے منصوبے سے 30 ہزار افراد مستفید ہوئے ہیں۔
اس مہم کا مقصد ہدف بنائے گئے صوبوں میں چار مرکزی ہسپتالوں، 87 پرائمری ہیلتھ کیئر ہومز اور 42 مراکز صحت کے لیے آلات فراہم کرنا ہے۔

یمن کے گورنریٹ صعدة میں ایک لاکھ لٹر پینے کا پانی فراہم کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)

شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 84 ممالک میں مختلف قسم کے 1997 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔
یہ منصوبے 175 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر5.7  بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں 4 بلین ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 369 ملین ڈالر، شام میں 327 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 216 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: