Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اونٹنی پر سفر اور صحرا میں کوکنگ، سعودی لڑکی کی ویڈیو وائرل

رشا القرشی نے ریاض سے جدہ تک اونٹنی پر سفر کیا ہے (فوٹو: المرصد)
سعودی لڑکی رشا القرشی نے اونٹنی پر ریاض سے جدہ سفر کے دوران کھانے پینے اور رہنے کے حوالے سے تجسس اور ان کے سوالات کے جوابات دیے ہیں۔
المرصد کے مطابق رشا القرشی نے ٹک ٹاک پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ بتاتی ہیں کہ ریاض سے جدہ اونٹنی پر سفر کس طرح ہوتا ہے اور  کھانے پینے اور رہنے کے انتظامات کیا ہیں؟ 
رشا القرشی نے بتایا کہ صقر الجزیرہ رینٹ اے کار ایجنسی متعدد گاڑیوں کے ذریعے میری دیکھ بھال کر رہی ہے۔ جب بھی کسی ایک مقام سے دوسرے مقام تک پہنچتی ہوں تو وہاں پہلے سے خیمہ نصب ملتا ہے۔ چالیس یا پچاس کلو میٹر کا فاصلہ طے کرکے خیمے میں آرام کرتی ہوں۔ 

رشا القرشی صحرا میں نصب خیمے میں اپنے لیے کھانا تیار کررہی ہیں  (فوٹو: المرصد)

رشا القرشی نے بتایا کہ ’آباؤاجداد جس طرح ریاض سے جدہ تک کا سفر طے کیا کرتے تھے اور جن مشکل حالات سے گزرتے تھے میں وہ پورا تجربہ نہیں دُہرا پا رہی ہوں، اگر بزرگوں کے انداز میں اونٹنی کا سفر طے کروں تو ایسی صورت میں کھانے پینے کی مشکل ہو گی اور ممکن ہے کہ سفر کرتے ہوئے زندگی کی بازی ہار جاؤں۔‘ 
رشا القرشی نے بتایا کہ ’جب  کنگ عبدالعزیز فیسٹول کے گیٹ کے سامنے سے گزری تو یہ دیکھ کر حیرت میں پڑ گئی کہ وہاں بعض لوگ میرے لیے قہوے اور چائے کا انتظام کیے ہوئے تھے۔ مجھے چائے اور قہوے کے اتنے تھرماس مل چکے ہیں کہ ان کی تعداد بتانا مشکل ہے۔ اس دوران کبھی اپنے طور پر قہوہ تیار نہیں کیا۔‘
رشا القرشی کا کہنا ہے کہ ’اکثر لوگ اونٹنی پر ریاض سے جدہ تک کے میرے سفر کا سن کر خوشی محسوس کرتے ہیں۔ خاص طور پر بزرگوں کو یہ جان کر خوشی ہوتی ہے جب میں انہیں بتاتی ہوں کہ میں ان کی بھولی بسری یادیں تازہ کررہی ہوں۔‘ 
سنیپ چیٹ سٹار عبدالرحمان المطیری نے اس سے قبل ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا جو سوشل میڈیا پر بہت پسند کیا جا رہا ہے۔ اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رشا القرشی صحرا میں نصب خیمے میں اپنے لیے کھانا تیار کر رہی ہیں۔ 
یاد رہے کہ رشا القرشی نے اونٹوں کی ریس میں ہار جانے کے بعد فیصلہ کیا تھا کہ وہ ریاض سے جدہ اونٹنی پر سفر کریں گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: