Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی امدادی ایجنسی کے دنیا بھر میں غذائی، صحت اور تعلیمی منصوبے تیز

صومالیہ میں بے گھر اور خشک سالی سے متاثرہ افراد میں 70 ٹن خوراک تقسیم کی گئی(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے صومالیہ، البانیہ اور یمن میں غذائی امداد،صحت اور تعلیمی منصوبوں کے ساتھ امدادی پروگراموں کو تیز کر دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے حال ہی میں صومالی دارالحکومت موغادیشو میں بنااڈیر کے علاقے کے دنائل ضلع میں بے گھر اور خشک سالی سے متاثرہ لوگوں میں 70 ٹن خوراک کی امداد تقسیم کی جس سے چھ ہزار افراد مستفید ہوئے۔
یہ امداد صومالیہ میں خشک سالی سے متاثرہ افراد کی انسانی ضروریات کو پورا کرنے،بچوں کے لیے خوراک اور غذائیت کے پروگراموں کی سپورٹ،بے گھر افراد کے لیے پانی اور پناہ گاہ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ زندگی بچانے والے ہنگامی پروگراموں کے لیے سعودی عرب کی فوری مداخلت کے دوسرے مرحلے کے اندر آتی ہے۔
دریں اثنا شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کی ٹیم نے البانیہ میں اسلامی شیخڈم سکولوں میں طلبہ، یتیموں اور ضرورت مند افراد کی مدد کے لیے ایک پروجیکٹ کا معائنہ کیا۔
شاہ سلمان مرکز کی ٹیم کو پراجیکٹ کی پیش رفت کے بارے میں بتایا گیا جس کا مقصد ترانہ اور الباسان کے شہروں میں 154 بچوں کو ٹیوشن فیس اور تعلیمی سامان فراہم کر کے ان کی مدد کرنا ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات نے یمن کے عدن گورنریٹ میں ضرورت مند خاندانوں میں 219 ٹن سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کیں جس سے 12 ہزار  300  افراد مستفید ہوئے۔
اس منصوبے کا مقصد یمن کے 15 گورنریٹس میں ضرورت مند خاندانوں میں ایک لاکھ 92 ہزار سے زیادہ فوڈ باسکٹ تقسیم کرنا ہے۔
یمن کے حجتہ گورنریٹ میں الجادہ ہیلتھ سینٹر کے آؤٹ لیٹس نے بھی شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے تعاون سے ایک ہفتے میں پانچ ہزار 852  افراد کا علاج کیا۔

یمن کے حجتہ گورنریٹ میں پانچ ہزار 852  افراد کا علاج کیا گیا( فوٹو ایس پی اے)

یہ خدمات یمن میں صحت کے شعبے کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کے لیے مملکت کی کوششوں کا حصہ ہیں۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات کے چیف سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ  الربیعہ نے گزشتہ مئی میں ایک لیکچر کے دوران کہا تھا کہ ایجنسی اب تک 175 بین  الاقوامی، علاقائی اور مقامی شراکت داروں کے تعاون سے 84 ممالک میں 5.7 بلین ڈالر کی لاگت سے ایک ہزار 997  انسانی اور امدادی منصوبوں کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔
شاہ سلمان مرکز برائے امداد و انسانی خدمات 2015 میں شاہ سلمان کی رہنمائی میں امدادی اور انسانی ہمدردی کے کاموں اور سعودی اقدار کو دنیا تک پہنچانے کے لیے ایک گاڑی کے طور پر قائم کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر الربیعہ نے بتایا کہ مملکت نے 1974 میں ترقی پذیر ممالک میں اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے مقصد سے سعودی فنڈ برائے ترقی قائم کیا جس سے چار سالوں میں 55 ممالک مستفید ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ 1996 سے2021 کے درمیان سعودی امداد کا حجم صرف 94.6 بلین ڈالر تھا جو دنیا کے 165 ممالک کو پہنچایا گیا۔

شیئر: