Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں واپسی کے آپشن پر غور کر رہی ہے؟

سوشل میڈیا پر عمران خان کی جانب سے پارلیمنٹ میں واپسی سے متعلق بیان کو معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے قومی اسمبلی واپسی کو امریکی سائفر کی تحقیقات سے مشروط کر دیا ہے۔
سنیچر کو عمران خان نے بنی گالہ رہائش گاہ پر معاشی امور کے صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہا کہ ’امریکی سائفر پر تحقیقات کی جائیں تو اسمبلی میں واپسی ہو سکتی ہے۔‘
تاہم ایک نجی ٹی وی چینل پر سنیچر کو ہی نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’اسمبلی میں جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، اسمبلی میں واپس جانے کا مطلب ہے کہ سازش سے آئی حکومت کو تسلیم کیا جائے۔‘
ایک ہی روز میں دو متضاد بیان آنے کے بعد یہ معاملہ ٹی وی چینلوں اور سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنا رہا۔
اصل معاملہ جاننے کے لیے اردو نیوز نے تحریک انصاف کے رہنماؤں اور اس ملاقات میں شریک صحافیوں سے بات کی ہے۔
عمران خان سے ملاقات کے دوران اسمبلی میں واپسی سے متعلق سوال کرنے والے نجی ٹی وی کے ایک صحافی نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہوں نے عمران خان سے چیف جسٹس کی جانب سے پارلیمنٹ میں واپس آ کر کردار ادا کرنے اور اس معاملے پر مہلت دینے کے حوالے سے سوال کیا، جس پر چیئرمین پی ٹی آئی نے امریکی سائفر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’اس معاملے پر تحقیقات کے لیے صدر مملکت پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ کو خط لکھ چکے ہیں۔‘
’امریکی سائفر پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ بھی بھیجا گیا ہے۔ پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ اس پر تحقیقات کرائیں تو اسمبلی میں واپس آ سکتے ہیں۔‘

مزمل اسلم کے مطابق ’پی ٹی آئی کا موقف آج بھی وہی ہے کہ اس پارلیمنٹ میں واپسی کا مطلب سازش کے ذریعے آئی حکومت کو تسلیم کرنا ہے۔‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)

اس ملاقات میں ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کرنے والے پی ٹی آئی کے معاشی امور کے ترجمان مزمل اسلم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’اس معاملے کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا جا رہا ہے۔ تحریک انصاف اسمبلی میں واپسی پر غور کر رہی ہے نہ ہی ایسا کوئی ارادہ ہے۔‘
’پی ٹی آئی کا موقف آج بھی وہی ہے کہ اس اسمبلی میں واپسی کا مطلب سازش کے ذریعے آئی حکومت کو تسلیم کرنا ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’عمران خان نے چیف جسٹس کی جانب سے دی جانے والی مہلت سے متعلق سوال پر جواب دیا اور کہا کہ سپریم کورٹ امریکی سائفر کا نوٹس لے کر اس پر تحقیقات کرائیں۔‘
سوشل میڈیا پر ماضی قریب میں عمران خان کی جانب سے ’اسٹیبلشمنٹ کے حوالے سے موقف میں نرمی‘ اور اب پارلیمنٹ میں واپسی سے متعلق بیان کو معنی خیز قرار دیا جا رہا ہے۔

شیئر: