Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مریم نواز کا داماد انڈیا سے غیر قانونی طور پر مشینری درآمد کر رہا ہے: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’ان کا ایک بال پر تین وکٹیں گرانے کا پلان ہے‘ (فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’وہ پورے ملک میں حقیقی آزادی کی تحریک چلا رہے ہیں اور ان چوروں کی غلامی کبھی قبول نہیں کریں گے۔‘
اتوار کو کرک میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’مریم نواز اپنے داماد کے لیے انڈیا سے پاور پلانٹ کی مشینری درآمد کروا رہی ہیں۔‘
’ہم نے انڈیا سے تجارت بند کی تھی کیونکہ اس نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی تھی۔‘
انہوں ںے کہا کہ ’انڈیا کے ساتھ تجارت ابھی بند ہے جبکہ مریم نواز کا داماد غیر قانونی طور پر انڈیا سے پاور پلانٹ کی مشینری درآمد کر رہا ہے۔‘
’آدھی مشینری آچکی ہے، مریم نواز سفارش کررہی ہیں کہ میرے داماد کی آدھی مشینری بھی لے آؤ، آڈیو ٹیپ سے ثابت ہو گیا کہ مریم نواز کے داماد بھی پیسے بنا رہے ہیں۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’اقتدار کے ذریعے ذات کو فائدہ پہنچانے کو کرپشن کہتے ہیں۔ تھوڑا صبر کرنا پڑتا ہے سچ سامنے آجاتا ہے۔‘
’الیکشن کے ذریعے زرداری اور شریف مافیا کو شکست دیں گے اور میرا تین وکٹیں گرانے کا پلان ہے۔‘

عمران خان نے کہا کہ ’آڈیو لیک میں مریم نواز اپنے داماد کی مشیری درآمد کروانے کے لیے سفارش کر رہی ہیں‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

’یہ وکٹیں آصف زرداری، شہباز شریف اور فضل الرحمان کی ہیں اور میں اِن سوئنگ کی تیاری کر رہا ہوں۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی کا مزید کہنا تھا کہ اِن لوگوں کی دولت اور محلات باہر ہیں۔ ’میں ان کا مقابلہ کروں گا اور نوجوانوں نے میرا ساتھ دینا ہے۔‘
سابق وزیراعظم نے اپنی تقریر میں بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے اپنا آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف نہیں چاہیے بلکہ میرٹ چاہیے۔‘
’بلاول عمران خان کو نہ اپنا آرمی چیف چاہیے اور نہ ہی آئی ایس آئی چیف چاہیے۔ نہ اپنا چیف جسٹس چاہیے اور نہ نیب کا سربراہ اور نہ اپنا آئی جی بلکہ عمران خان کو میرٹ پر یہ لوگ چاہییں۔‘

شیئر: