Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوجوان کا 37 سال قبل لاپتہ پی آئی اے جہاز کا سُراغ لگانے کا دعویٰ، 1989 میں کیا ہوا تھا؟

فصیح علی کے مطابق طیارے کا ممکنہ ملبہ تاجکستان کی سرحد کے قریب گلیشیئر والے علاقے میں ہو سکتا ہے (فوٹو:پبلک ڈومین)
پاکستان کے ایک نوجوان طالب علم نے 37 سال قبل لاپتہ ہونے والے پی آئی اے کے مسافر طیارے کا ممکنہ سراغ لگانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یوٹیوب پر شیئر کی گئی ویڈیو میں فصیح علی نامی اے لیولز کے طالب علم کا کہنا ہے کہ انہوں نے تقریباً دو سال کی تحقیق کے بعد گوگل ارتھ اور پرانی سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے اس مقام کی نشاندہی کی ہے جہاں ان کے خیال میں پی آئی اے کی پرواز پی کے 404 کا ملبہ موجود ہو سکتا ہے۔
فصیح علی کے مطابق طیارے کا ممکنہ ملبہ افغانستان کے شمال مشرقی علاقے واخان میں تاجکستان کی سرحد کے قریب ایک دور افتادہ پہاڑی اور گلیشیئر والے علاقے میں ہو سکتا ہے۔
تاہم یہ دعویٰ تاحال غیر مصدقہ ہے اور نہ ہی حکومتی یا متعلقہ ہوا بازی کے اداروں نے ممکنہ مقام کی نشاندہی کی تصدیق کی ہے۔ خود فصیح علی بھی اسے حتمی دریافت قرار نہیں دیتے بلکہ ماہرین سے اس مقام کا معائنہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔
واقعہ کب پیش آیا تھا؟
25 اگست 1989 کو پی آئی اے کا فوکر ایف 27 طیارہ گلگت سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا تھا۔ پرواز پی کے 404 میں عملے کے پانچ ارکان اور 49 مسافروں سمیت مجموعی طور پر 54 افراد سوار تھے، جن میں پانچ شیرخوار بچے بھی شامل تھے۔
طیارے نے صبح سات بج کر 36 منٹ پر گلگت ایئرپورٹ سے اڑان بھری۔ خبر رساں ادارے یونائیٹڈ پریس انٹرنیشنل (یو پی آئی) کی 25 اگست 1989 کی رپورٹ کے مطابق طیارہ اڑان کے تقریباً نو منٹ بعد ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔
اگلے روز یو پی آئی نے رپورٹ کیا کہ فوجی اور سویلین طیاروں کے علاوہ زمینی دستوں نے بھی ہمالیہ کے دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں تلاش کی لیکن طیارے کا کوئی سراغ نہیں ملا۔ بعد ازاں 700 سے زائد فوجی اہلکاروں، مقامی افراد اور کوہ پیماؤں نے بھی تلاش کے عمل میں حصہ لیا تاہم کوئی حتمی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔
ایک عالمی میڈیا ادارے نے 2021 میں اس واقعے پر تفصیلی رپورٹ شائع کی تھی جس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی سے رابطے پر معلوم ہوا کہ اس پرواز کے حوالے سے کوئی تحقیقاتی رپورٹ ان کے ریکارڈ میں دستیاب نہیں تھی۔
حادثے میں اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں کے لیے بھی یہ واقعہ آج تک ایک سوال بنا ہوا ہے۔
یوٹیوب ویڈیو دیکھ کر تحقیق کا خیال کیسے آیا؟
فصیح علی کے مطابق انہیں پی کے 404 کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب وہ ایک روز یوٹیوب پر ویڈیوز دیکھ رہے تھے اور اچانک اس پراسرار پرواز کے بارے میں ایک ویڈیو ان کے سامنے آگئی۔
وہ کہتے ہیں کہ ویڈیو دیکھ کر انہیں حیرت ہوئی کہ اتنا بڑا واقعہ پیش آنے کے باوجود 34 سال سے زائد عرصہ گزرنے پر بھی طیارے کا سراغ کیوں نہیں لگایا جا سکا۔
ان کے بقول انہیں محسوس ہوا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اس معاملے پر تحقیق میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔ اس کے بعد انہوں نے پرواز کے بارے میں معلومات جمع کرنا شروع کیں اور گوگل ارتھ کی سیٹلائٹ تصاویر کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا۔
فصیح علی نے بتایا کہ اس تحقیق میں انہیں تقریباً دو سال لگے۔ اس دوران انہوں نے طیارے کے ممکنہ راستے، آخری ریڈیو رابطے اور باقی ماندہ ایندھن سے متعلق دستیاب معلومات کی مدد سے اس کے ممکنہ سفر کا اندازہ لگانے کی کوشش کی۔
گوگل ارتھ پر ممکنہ ملبے کی تلاش کیسے کی؟
فصیح علی کے مطابق انہوں نے سب سے پہلے گلگت سے اسلام آباد جانے والے طیارے کے راستے اور بونجی کے قریب ہونے والے آخری رابطے کو مدنظر رکھا۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اندازہ لگایا کہ طیارے میں ممکنہ طور پر کتنا ایندھن باقی ہو سکتا تھا اور اس کی مدد سے ایک دائرہ بنایا کہ وہ کتنی دور تک پرواز کر سکتا تھا۔
اس کے بعد انہوں نے اس دائرے میں شامل آباد علاقوں کو تلاش سے نکال دیا کیونکہ ان کے خیال میں اگر طیارہ کسی آبادی کے قریب گرتا تو اس کے بارے میں اطلاع ملنے کا امکان زیادہ ہوتا۔
یوں ان کی توجہ دور دراز پہاڑی اور گلیشیئر والے علاقوں پر مرکوز ہوگئی۔ انہوں نے گوگل ارتھ پر پرانی سیٹلائٹ تصاویر کا باریک بینی سے جائزہ لیا اور مختلف مقامات پر موجود غیر معمولی ساختوں کو ممکنہ طیارے کے ملبے کے طور پر جانچنا شروع کیا۔
فصیح علی کا دعویٰ ہے کہ انہیں افغانستان کے شمال مشرقی علاقے واخان میں تاجکستان کی سرحد کے قریب ایک ایسے مقام پر طیارے کے مختلف حصوں سے مشابہ ساختیں دکھائی دیں جو انتہائی دور افتادہ ہے اور جہاں سڑکوں یا دیگر بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی کے باعث پہنچنا آسان نہیں۔
سیٹلائٹ تصاویر میں کیا نظر آیا؟
فصیح علی کے مطابق ممکنہ مقام پر ایک ساخت طیارے کے بیرونی ونگ فلیپ سے مشابہ ہے، جبکہ دوسری جگہ انہیں پی آئی اے کے ٹیل فن اور طیارے کے پچھلے حصے کی مارکنگ سے ملتی جلتی ساخت دکھائی دی۔
انہوں نے مرکزی مقام سے تقریباً 1.2 کلومیٹر دور ایک اور ساخت کی نشاندہی کی جسے وہ طیارے کے اوپری حصے یا فیوزلاج کی چھت قرار دیتے ہیں۔
ان کے مطابق بعض مقامات پر سیاہ نشانات بھی دکھائی دیتے ہیں تاہم ان کی نوعیت اور ممکنہ حادثے سے تعلق کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
فصیح علی کا کہنا ہے کہ دستیاب وسائل اور اپنے تجزیے کی بنیاد پر انہیں یقین ہے کہ یہ پی کے 404 کا ملبہ ہو سکتا ہے لیکن حتمی نتیجے کے لیے زمینی معائنہ ضروری ہے۔

فصیح علی نے اپنی ویڈیو میں امید ظاہر کی کہ اگر طیارے کے ممکنہ ملبے کی تصدیق ہو جاتی ہے تو اس کے ساتھ بلیک باکس بھی مل سکتا ہے (فوٹو:جنگ)

37 سال تک یہ مقام کسی کی نظر میں کیوں نہیں آیا؟
فصیح علی کے مطابق ممکنہ مقام کی دور دراز جغرافیائی حیثیت، سخت موسم اور بنیادی سہولیات کی عدم موجودگی اس کے پہلے دریافت نہ ہونے کی اہم وجوہات ہو سکتی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہاں درجہ حرارت منفی 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے جبکہ سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی عدم موجودگی کے باعث عام لوگوں کے لیے وہاں پہنچنا انتہائی مشکل ہے۔ اس کے علاوہ وادی کی جغرافیائی ساخت بھی رسائی میں رکاوٹ بنتی ہے۔
آخری رابطہ بونجی کے قریب، ممکنہ ملبہ تاجکستان کی سرحد پر کیسے؟
فصیح علی کی تحقیق کے حوالے سے ایک اہم سوال یہ ہے کہ اگر طیارے کا آخری ریڈیو رابطہ بونجی کے قریب ہوا تھا تو اس کا ممکنہ ملبہ افغانستان کے واخان علاقے میں تاجکستان کی سرحد کے قریب کیسے پہنچا؟
فصیح علی کے مطابق انہوں نے طیارے کے ممکنہ راستے اور باقی ماندہ ایندھن کا اندازہ لگاتے ہوئے مختلف علاقوں کا جائزہ لیا تاہم اس فاصلے اور طیارے کے ممکنہ سفر کی مکمل وضاحت کے لیے ہوا بازی کے ماہرین کی رائے ضروری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ صرف سیٹلائٹ تصاویر کی بنیاد پر یہ طے نہیں کیا جا سکتا کہ طیارہ کس راستے سے اس مقام تک پہنچا یا وہاں حادثے کا شکار کیسے ہوا۔
کیا بلیک باکس سے حادثے کی وجہ معلوم ہوسکتی ہے؟
فصیح علی نے اپنی ویڈیو میں امید ظاہر کی کہ اگر طیارے کے ممکنہ ملبے کی تصدیق ہوجاتی ہے تو اس کے ساتھ بلیک باکس بھی مل سکتا ہے۔
ان کے مطابق فوکر ایف 27 کا بلیک باکس طیارے کے پچھلے حصے میں نصب ہوتا ہے اور سخت حالات برداشت کرنے کے لیے بنایا جاتا ہے۔ اگر یہ محفوظ حالت میں مل جائے تو ممکنہ طور پر حادثے کی وجہ جاننے میں مدد مل سکتی ہے۔
کیا 37 سال پرانا معمہ حل ہو گیا؟
فصیح علی کی تحقیق نے پی کے 404 کے بارے میں ایک نیا سوال ضرور اٹھایا ہے لیکن صرف سیٹلائٹ تصاویر میں نظر آنے والی ساختوں کو طیارے کا ملبہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ برف، گلیشیئر اور چٹانوں کی قدرتی ساختیں بھی تصاویر میں ایسی شکلیں بنا سکتی ہیں جو مصنوعی اشیا یا طیارے کے حصوں سے مشابہ دکھائی دیں۔
اسی طرح بونجی کے قریب آخری ریڈیو رابطے اور نوجوان کے بتائے گئے دور دراز مقام کے درمیان طیارے کے ممکنہ سفر کی وضاحت بھی ابھی باقی ہے۔ اس پہلو پر ہوا بازی کے ماہرین کی رائے اور مزید شواہد درکار ہیں۔
فصیح علی کا کہنا ہے کہ وہ اس تحقیق کے دوران نہ صرف طیارے کی تلاش میں مصروف رہے بلکہ انہوں نے نئی مہارتیں بھی سیکھیں۔
ان کے لیے یہ کام اس لیے اہم تھا کہ اس حادثے میں 54 افراد جان سے گئے اور ان کے اہل خانہ آج بھی اس واقعے کے بارے میں جواب کے منتظر ہیں۔

شیئر: