Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آڈیو لیکس کے معاملے کی انکوائری شروع ہوچکی ہے: رانا ثنا اللہ

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ’بغیر انکوائری آڈیو لیک کے معاملے کو سنجیدہ ایشو نہ بنایا جائے‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ ’وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیکس کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے اور اس کی تحقیقات شروع ہوچکی ہیں۔‘
اتوار کو جیو نیوز پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ’انکوائری میں تمام ایجنسیوں کے اعلٰی سطح کے نمائندے ہونے چاہییں اور اس معاملے کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آڈیو لیک سے یہ بات سامنے نہیں آتی کہ وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی بریچ ہوئی۔‘
’اگر یہ ثابت ہوا کہ وزیراعظم ہاؤس میں کوئی بگنگ ڈیوائس تھی تو یہ سنجیدہ معاملہ ہے اور اس پر کارروائی ہوگی۔‘
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ‘انکوائری سے پتا چلے گا کہ وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی بریچ ہوئی ہے یا نہیں۔‘
’بغیر انکوائری آڈیو لیک کے معاملے کو سنجیدہ ایشو نہ بنایا جائے۔‘
انہوں نے کہا کہ ‘جتنی بھی آڈیو لیکس ہوئیں ان سے ہماری بہتر گورننس کا تاثر سامنے آیا۔‘
’بعض اوقات جب اس بات کا خدشہ ہو کہ گفتگو ریکارڈ ہو سکتی ہے تو پھر اجلاس کے شرکا سے فون باہر رکھنے کی پابندی کروائی جاتی ہے۔‘
ڈارک ویب پر وزیراعظم ہاؤس کی لیکڈ آڈیوز کی مبینہ موجودگی پر وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ‘میں دعوے سے کہتا ہوں کہ سینکڑوں آڈیوز بھی نکل آئیں تو کوئی لفظ ایسا نہیں ہوگا جس پر ہمیں شرمندگی ہو۔‘

شیئر: