متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے اتوار کو ابوظبی میں جرمن چانسلر اولاف شالز کا خیر مقدم کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق امارات کے صدر نے الشااطی محل میں جرمن چانسلر کا خیر مقدم کرتے ہوئے دوست ملک جرمنی اور اس کے عوام کی پائدار ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ مرحلے کے دوران دونوں ملکوں کے درمیان مکمل سٹراٹیجک شراکت کے استحکام کے لیے مواقع اور تعاون کی جہتوں کا جائزہ لیا۔ خصوصا اقتصادی، سرمایہ کاری، تجارتی، تجدد پذیر توانائی، غذائی امن، سائنس اور ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے شعبوں میں بھرپور تعاون کی نئی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

علاوہ ازیں ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل کے حل، ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے مشترکہ کوششوں کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
اماراتی صدر اور جرمن چانسلر نےعلاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ اور متعدد مسائل پر بات چیت کی۔ باہمی دلچسپی کے امور پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ خیال کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ’تعاون، مکالمہ اور سفارتی حل پر توجہ مرکوز کرکے مختلف مسائل و بحرانوں کا حل نکالا جاسکتا ہے۔ یہی موجودہ اور آنے والی نسلوں کے شاندار مستقبل، سیاسی استحکام اور اقتصادی فروغ جاری رکھنے کا مناسب طریقہ ہے‘۔
دونوں رہنماؤں نے گزشتہ برسوں کے دوران حاصل ہونے والی کامیابیوں کو بنیاد بنا کر باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
#رئيس_الدولة يستقبل مستشار #ألمانيا، وبحث الجانبان مسارات التعاون والفرص المطروحة لتعزيز الشراكة الإستراتيجية الشاملة التي تجمع البلدين خلال المرحلة المقبلة خاصة في المجالات الاقتصادية والاستثمارية والتجارية.#فيديو_وام pic.twitter.com/atTLz269jy
— وكالة أنباء الإمارات (@wamnews) September 25, 2022