Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دبئی سفاری پارک کا نیا سیزن آج سے شروع ہوگا

گزشتہ سال 5 لاکھ سے زیادہ سیاح سفاری پارک آئے تھے۔ (فوٹو: الامارات الیوم)
دبئی بلدیاتی کونسل نے کہا ہے کہ ’دبئی سفاری پارک‘ کا نیا سیزن آج  منگل 27 ستمبر سے شروع ہوگا۔ 
الامارات الیوم کے مطابق گزشتہ سال دبئی سفاری پارک کی منفرد ثقافتی و تفریحاتی سرگرمیاں دیکھنے کے لیے اندرون ملک اور بیرونی دنیا سے 5 لاکھ سے زیادہ سیاح پہنچے تھے۔ انہوں نے دبئی سفاری پارک میں جنگل کے فطری ماحول سے لطف اٹھایا تھا اور جنگل کی دنیا کو زیادہ قریب سے دیکھنے کا شوق پورا کیا تھا۔
دبئی بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ ہر برس کی طرح اس سال بھی نئے سیزن میں بہت کچھ نیا ہوگا۔ 
بلدیاتی کونسل کا کہنا ہے کہ شائقین کو دنیا کے مختلف جنگلوں کی رنگا رنگی یہاں دیکھنے کو ملے گی۔ وہ ایک جگہ بہت کچھ دیکھ سکیں گے۔ جانور اور پرندے اپنے حقیقی ماحول میں نظر آئیں گے۔

یہاں نایاب جانوروں کی بقا کے حوالے سے معلومات دی جائیں گی۔ (فوٹو: سیدتی میگزین)

دبئی بلدیاتی کونسل میں پبلک پارکس انتظامیہ کے ڈائڑیکٹر احمد الزرعونی نے کہا کہ دبئی سفاری پارک آنے والوں کو نئے سیزن میں ان جانوروں اور پرندوں کے بارے میں آگہی فراہم کی جائے گی جو نایاب  ہوتے جارہے ہیں۔ یہ بھی بتایا جائے گا کہ دبئی سفاری پارک ان کی افزائش کے پروگرام کرکے نایاب جانوروں اور پرندوں کی بقا کے حوالے سے کیا کچھ کررہا ہے۔ 
پارک میں یہ بھی بتایا جائے  گا کہ جانوروں اور پرندوں کو کس قسم کے خطرات لاحق ہیں جن کی وجہ سے ان کی نسل دن بدن کم سے کم بلکہ ختم ہوتی جارہی ہے۔ 
نئے سیزن کے دوران دبئی سفاری پارک کے شائقین نومبر سے کچھ ایسے نئے  جانور بھی دیکھ سکیں گے جو پہلی بار یہاں لائے جائیں گے۔ کھلے ماحول میں نئے جانور اپنے فطری انداز میں گھومتے پھرتے نظر آئیں گے۔ ان میں انکولی اور اتوسی نسل کی گائے،العلند نسل کے ہرن، عربی نسل کے ہرن، دریائے نیل سے منسوب مگرمچھ اور اسی طرح کے دیگر جانور شامل ہیں۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: