صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے میں پاکستانی شہری سمیت دو افراد زخمی ہوئے: بحرین
اتوار 22 نومبر 2026 15:53
سنیچر کو بحرینی حکام نے کہا تھا کہ ایک سویلین انڈسٹریل فیسیلیٹی پر حملہ کیا گیا: فائل فوٹو اے ایف پی
بحرینی حکام کے مطابق ایک روز قبل ایران کے حملوں کے نتیجے میں ایک شہری صنعتی تنصیب میں آگ لگنے اور نقصان پہنچنے سے دو افراد زخمی ہوئے۔
حکام کے مطابق حملے کے نتیجے میں زخمی ہونے والوں میں ایک بحرینی شہری اور ایک پاکستانی رہائشی شامل ہیں۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور اس اہم بحری گزرگاہ پر کشیدگی برقرار ہے۔
اتوار کو بحرین کی وزارت داخلہ کے مطابق زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ بحرینی شہری کی حالت مستحکم ہے جبکہ پاکستانی شہری کی حالت تشویشناک ہے۔
وزارت داخلہ نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ ایرانی حملے میں ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث وہاں آگ لگ گئی۔ سول ڈیفنس کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔
سعودی عرب نے اتوار کو بحرین کی شہری صنعتی تنصیب پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے منامہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ عرب لیگ نے بھی بحرین پر ایران کے تازہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے بحرین کے مشرقی ساحل پر واقع جزیرے سترہ کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے۔
دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا کہ اس کارروائی کے دوران بحرین میں امریکی فوجی اڈوں الرفاع اور عوالی کو میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب آبنائے ہرمز میں دو آئل ٹینکروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ ایران کی جانب سے اس اہم بحری راستے کی ناکہ بندی کی کوششوں کے باعث یہ گزرگاہ جاری تنازع کا اہم مرکز بن چکی ہے۔