Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آئی فون کی طلب میں کمی کے بعد مزید سیٹ تیار نہیں ہوں گے

رواں سال میں ایپل آئی فون کے نو کروڑ سیٹ تیار کرے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے نئے آئی فون کی طلب میں کمی کے بعد پروڈکشن میں اضافے کا منصوبہ ترک کر دیا ہے۔
کاروباری خبروں پر نظر رکھنے والے ٹیلی ویژن نیٹ ورک بلومبرگ نے کہا ہے کہ ایپل نے اپنے سپلائرز کو آئی فون 14 کے 60 لاکھ اضافی سیٹ تیار کرنے سے روک دیا ہے۔
بلومبرگ نے اس تمام معاملے سے واقف افراد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس عرصے میں ایپل آئی فون 14 کے نو کروڑ سیٹ تیار کرے گا، جس کی ابتدائی طور پر کمپنی نے پیش گوئی کی تھی۔
ذرائع کے مطابق آئی فون 14 پرو کی طلب ایپل کی کم قیمت والی مصنوعات سے زیادہ ہے، یہی وجہ ہے کہ ایپل کے چند سپلائر کم قیمت والے آئی فون تیار کرنے کے بجائے پروڈکشن لائن پریمیئم ماڈلز بنانے پر شفٹ کر رہے ہیں۔
آئی فون 14 کی ریلیز کے بعد ایپل نےسیلز میں اضافے کی پیش گوئی کی تھی اور چند سپلائرز نے آرڈر میں 7 فیصد اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے زیادہ سے زیادہ آئی فون بنانے کی تیاری شروع کر دی تھی۔
سمارٹ فونز کی سب سے بڑی مارکیٹ چین میں معاشی نمو میں کمی سے بھی آئی فون کی فروخت متاثر ہوئی ہے۔
گزشتہ سال کے مقابلے میں چین میں آئی فون 14 کے مارکیٹ میں آنے کے پہلے تین دنوں کے دوران فروخت میں 11 فیصد کمی دیکھی گئی تھی۔

نئے فون میں سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی کال کا فیچر بھی موجود ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خیال رہے کہ ایپل نے اپنی مصنوعات کی پروڈکشن کے لیے چین پر انحصار کم کرتے ہوئے نیا آئی فون انڈیا میں تیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی بینک اور مالیاتی سروسز فراہم کرنے والے ادارے جے پی مورگن کے اندازے کے مطابق سال 2022 کے آخر میں آئی فون کی پروڈکشن کا پانچ فیصد انڈیا میں منتقل ہونے کا امکان ہے۔ چین کے بعد سمارٹ فون کی دوسری بڑی مارکیٹ انڈیا میں ہے۔
جے پی مورگن نے مزید کہا تھا کہ سال 2025 تک ہر چار آئی فونز میں سے ایک انڈیا میں تیار کیا جائے گا۔
دو ہفتے قبل متعارف ہونے والا آئی فون 14 دو سائز میں موجود ہے یعنی معمول کے آئی فون 14 اور بڑی سکرین یا ڈسپلے کے ساتھ آئی فون 14 پلس۔
نئے فون میں سیٹلائٹ کے ذریعے ایمرجنسی کال بھیجنے کی صلاحیت بھی موجود ہے جبکہ گاڑی کو ممکنہ حادثے کی نشاندہی کرنے والا فیچر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔
ایپل نے آئی فون کے ساتھ واچ الٹرا کی بھی رونمائی کی ہے لیکن لوگوں کی توجہ کا مرکز نیکسٹ جنریشن کے آئی فون اور ایئر پاڈ ہی ہیں۔

شیئر: