Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں آئی فون 14 کب اور کتنے کا ملے گا؟

ایپل نے ہائی اینڈ اور آئی فون 14 پرو کے بھی دو سائز متعارف کروائے گئے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
موبائل فون بنانے والی دنیا کی مشہور کمپنی ایپل نے اپنے نئے ماڈل کے فونز کا اعلان کر دیا ہے مگر پاکستان میں صارفین متجسس ہیں کہ حکومت کے بڑھتے ٹیکسز اور روپے کی قدر میں کمی کے باعث آئی فون 14 یہاں کس قیمت پر دستیاب ہو گا؟
ایپل نے سات ستمبر کو امریکی ریاست کیلی فورنیا میں اپنے سالانہ ایونٹ میں اس فون کے چار ورژن متعارف کروائے ہیں۔ اس سال توقع کے برعکس آئی فون 14 کی قیمت زیادہ نہیں بڑھائی مگر پاکستان میں ڈالر کے روپے میں پیسے گی گرتی قدر سے ابھی بھی ایپل فونز مہنگے ترین سمارٹ فونز سمجھے جاتے ہیں۔
کمپنی کی جانب سے کم فیچرز والا آئی فون 14 بھی دو سائز میں پیش کیا گیا ہے جبکہ ہائی اینڈ اور آئی فون 14 پرو کے بھی دو سائز متعارف کروائے گئے ہیں۔
ایپل کے مطابق امریکہ میں آئی فون 14 کی کم سے کم قیمت 799 ڈالر اور آئی فون 14 پلس کی قیمت 899 ڈالر ہو گی جبکہ قدرے بہتر فیچرز سے لیس آئی فون 14 پرو کی قیمت 999 ڈالر اور اسی کی بڑی سکرین والے ماڈل آئی فون پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالر ہو گی۔
اس حوالے سے اردو نیوز نے وزارت خزانہ، پی ٹی اے اور مقامی تاجران سے بات کر کے آئی فون 14 کے مختلف ماڈلز کی پاکستان میں متوقع قیمت کا اندازہ لگانے کی کوشش کی ہے۔

امریکہ میں آئی فون 14 کی کم سے کم قیمت 799 ڈالر اور زیادہ سے زیادہ 1099 ڈالر ہو گی۔ (فوٹو: روئٹرز)

پانچ لاکھ کا آئی فون

اسلام آباد میں ایپل کمپنی سے منسلک تاجر اظہر عباسی کے مطابق ایپل کا سب سے ہائی اینڈ فون یعنی آئی فون 14 پرو میکس پاکستان میں تقریبا پانچ لاکھ کا ملے گا۔
موبائل فونز کے کاروبار سے وابستہ تاجر عمر احمد کے مطابق توقع ہے کہ 20 ستمبر کے بعد آئی فون 14 پاکستان میں دستیاب ہو گا، تاہم اس کی قیمت ابتدائی دنوں میں ڈالرز میں امریکی قیمت سے تقریباً ایک لاکھ پاکستانی روپے زیادہ ہو گی جبکہ پی ٹی اے کی جانب سے وصول کیا جانے والا ایک لاکھ 32 ہزار کا ٹیکس علیحدہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ آئی فون کی قیمت میں اضافی ایک لاکھ روپے گاڑی کے اون کی طرح پہلے پانے کی قیمت ہے جو چند دنوں میں پانچ ہزار فی یوم کے حساب سے کم ہوتی جائے گی اور بالآخر تین چار ماہ میں یہ اضافی لاکھ روپے کم ہوتے ہوتے 10 ہزار روپے تک رہ جائے گے۔ اس طرح فون کی قیمت 90 ہزار روپے تک کم ہو جاتی ہے۔
تاہم عمر احمد کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا پی ٹی اے کے ذریعے لگایا جانے والا آئی فون ٹیکس اب تقریباً ایک لاکھ 32 ہزار روپے ہے جبکہ پاسپورٹ پر خود باہر سے موبائل لانے والوں سے پی ٹی اے تقریباً ایک لاکھ آٹھ ہزار ٹیکس وصول کرتا ہے۔
یاد رہے کہ ایف بی آر کی ویب سائٹ کے مطابق 500 امریکی ڈالر سے زائد مالیت کے فون پر 37 ہزار روپے فکس ٹیکس کے علاوہ اس کی قیمت کا 17 فیصد بھی وصول کیا جاتا ہے۔
آٹھ ستمبر کے سرکاری ڈالر ریٹ (222 روپے 42 پیسے) کے حساب سے آئی فون 14 کی پاکستان میں ابتدائی قیمت تقریبا چار لاکھ 15 ہزار تک ہو گی جبکہ آئی فون 14 پلس کی قیمت چار لاکھ 34 ہزار ہو گی۔

عمر احمد کے مطابق آئی فون کی قیمت ابتدائی دنوں میں ڈالرز میں امریکی قیمت سے تقریباً ایک لاکھ پاکستانی روپے زیادہ ہو گی۔ (فوٹو: روئٹرز)

اس طرح آئی فون 14 پرو کی قیمت چار لاکھ 55 ہزار جبکہ آئی فون پرو میکس کی قیمت چار لاکھ 80 ہزار روپے کے قریب ہو گی۔
واضح رہے کہ ڈالر ریٹ کے بڑھنے سے اس قیمت میں مزید اضافہ ہو گا جبکہ دن گزرنے کے ساتھ ساتھ اضافی وصول کی جانے والی ایک لاکھ روپے کی رقم میں کمی ہوتی جائے گی۔
گویا ہر فون کی قیمت پاکستانی مارکیٹ میں اس سال دسمبر تک 90 ہزار کم ہو جائے گی بشرطیکہ ڈالر کی قیمت مزید نہ بڑھے جو بظاہر مشکل لگ رہا ہے۔

حکومت کا موقف

اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے کوآرڈنیٹر برائے معیشت و توانائی بلال کیانی نے کہا ہے کہ پاکستان میں آئی فون سمیت دیگر فونز کی امپورٹ پر پابندی 22 اگست کو ہٹا لی گئی تھی تاہم اس پر ریگولیٹری ڈیوٹی بڑھا دی گئی تھی۔
ان کی طرف سے فراہم کی جانے والی نئی فہرست کے مطابق ’500 ڈالر سے زائد مالیت کے فونز پر ریگولیٹری ڈیوٹی پہلے 22 ہزار ہوتی تھی مگر گزشتہ ماہ اس میں اضافہ کر کے اسے 44 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔‘
اس سے قبل امپورٹ پر پابندی ختم کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے مطالبے پر امپورٹ پر پابندی تو ختم کی جا رہی ہے تاہم ریگولیٹری ڈیوٹیز کو اتنا بڑھایا جائے گا کہ امپورٹ کی حوصلہ شکنی ہو تاکہ ملک میں ڈالر کی کمی سے ہونے والا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہو سکے۔

شیئر: