Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ زائرین کو سہولت کی فراہمی: ’اعتمرنا‘ ایپ کی جگہ اب ’نسک‘

وزارت حج و عمرہ کے مطابق ’مقصد دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کو سہولت کی فراہمی ہے۔‘
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ ’اعتمرنا’ ایپ کی جگہ ’نسک‘ کا اجرا سعودی عرب آنے والے عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے بدھ کو بیان میں کہا کہ اعتمرنا ایپ کے ذریعے 4 کروڑ 34 لاکھ 32 ہزار 985 عمرہ پرمٹ جاری کیے گئے۔ اب اس کی جگہ نئی ایپ ’نسک‘ متعارف کرائی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’اس کا مقصد دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کو سہولت کی فراہمی، آن لائن زیارت اورعمرہ ویزوں کے اجرا میں آسانی نیز عمرہ زائرین کے سفر کو خوبصورت اور یادگار بنانا ہے۔‘ 
یاد رہے کہ اعتمرنا ایپ دو برس قبل متعارف کرائی گئی تھی۔ 213 ممالک کے عمرہ زائرین کو عمرہ پرمٹ کے اجرا میں سہولت فراہم کی گئی۔ مسجد نبوی ریاض الجنہ میں نماز کے لیے 63 لاکھ 63 ہزار 288 پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں۔
وزارت حج و عمرہ نے مملکت کے اندر اور بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین سے کہا ہے کہ وہ اب  نسک ایپ سے استفادہ کریں جسے اعتمرنا ایپ کی جگہ  دی گئی ہے۔ 
 سعودی وزارت حج و عمرہ نے 27 ستمبر 2020 کو اعتمرنا ایپ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے احتیاطی اقدامات کے تحت متعارف کرائی تھی۔ 14 اکتوبر2020 سے اسے سعودی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے لیے موثر کیا گیا تھا۔ 
واضح رہے کہ نسک ایپ کو وزارت حج وعمرہ اور سیاحت اتھارٹی کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے نیز اس میں مختلف قسم کے پیکیجز متعارف کرائے گئے ہیں۔
نسک کے ذریعے عمرہ زائرین ویزے کے علاوہ سفر کے لیے تمام ضروری اشیا، پیکیجز، ہوٹل اور ٹیکسی وغیرہ کی بکنگ اور دیگر خدمات بک کرا سکتے ہیں۔
ایپ کے ذریعے عمرہ کمپنیاں بھی اپنی خدمات فراہم کریں گی جبکہ پہلے کام کرنے والی ویب سائٹ ’مقام‘ بھی وقتی طور پر کام کرتی رہے گی۔

شیئر: