Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسحاق ڈار جب بھی وزیر خزانہ بنا، ملک کا دیوالیہ نکال کر گیا: عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ’امپورٹڈ حکومت نے آزادکشمیر کے پیسے میں کٹوتی کر دی ہے (فائل فوٹو: سکرین گریب)
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’اسحاق ڈار جب بھی وزیر خزانہ بنا، ملک کا دیوالیہ نکال کر گیا۔‘
عمران خان نے جمعرات کو پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’جب سے یہ امپورٹڈ حکومت آئی ہے پاکستانی روپیہ 33 فیصد نیچے گرا ہے۔ ان لوگوں کو ڈیل کر کے ملک میں واپس لانے سے بڑا جرم نہیں ہو سکتا۔‘
’اگر ان لوگوں کو این آر او دینا ہے تو غریبوں کو کیوں بند کیا ہوا ہے۔‘
انہوں نے پاکستان کے نئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے متعلق کہا کہ ’اسحاق ڈار جب بھی وزیر خزانہ بنا، ملک کا دیوالیہ نکال کر گیا۔‘
’آج اس کو واپس لے آئے ہیں۔ اگر آج ہم نے چپ کر کے اس کو تسلیم کر لیا تو ہمارا حال بھیڑ بکریوں والا ہوگا۔‘
’ان کے جو ہینڈلرز سمجھتے ہیں کہ ہم ان چوروں کو تسلیم کر لیں گے، وہ بھول میں نہ رہیں۔’تیاری مکمل کر رہا ہوں، جلد قوم کو کال دوں گا۔‘
آزادکشمیر کے بجٹ کے حوالے سے تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’امپورٹڈ حکومت نے آزادکشمیر کے پیسے میں کٹوتی کر دی ہے۔ یہ 200 ارب سے کٹوتی کر کے آپ کو 60 ارب دے رہے ہیں۔ انہوں نے آزادکشمیر کا شیئر  کم کر دیا ہے۔‘
چیئرمین تحریک انصاف نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کا چیف الیکشن کمشنر چیف الیکٹورل فراڈ ہے۔ یہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کے ساتھ مل کر میچ فکس کرتا ہے۔‘
انہوں نے چیف الیکشن کمیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’سکندر سلطان سن لو اگر تم میں غیرت ہے تو استعفیٰ دو۔ ہم آپ کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے۔‘

شیئر: