Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان واپس آنا ایک تاریخی موقع ہے: انگلش کرکٹر فل سالٹ

فِل سالٹ ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھی انگلینڈ کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر فل سالٹ نے کہا ہے کہ پچھلے تین سالوں میں پاکستان آ کر بہت کچھ سیکھنے کو ملا ہے، یہ ایک تاریخی دورہ ہے۔
جمعرات کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اپلوڈ ہونے والی ویڈیو میں فِل سالٹ نے کہا ہے کہ ’پاکستان واپس آنا ایک تاریخی موقع ہے، یہاں کرکٹ بہت مختلف ہے، یہاں کی پچز پر کھیلنے کے لیے آپ کو بہت جلدی سیکھنا ہو گا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے خیال میں پچھلے تین سالوں میں پاکستان (پی ایس ایل کھیلنے سے) آ کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اور ہمیں انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی پچز کے بارے میں خوب آگاہ کیا گیا تھا۔‘
اپنے بیٹنگ آرڈر کے بارے میں بتاتے ہوئے فِل سالٹ نے کہا کہ ’آج کل کی کرکٹ خود ہی بتا دیتی ہے کہ ٹاپ آرڈر میں کھیلنے کا کیا مطلب ہے، ٹی20 کرکٹ اور ون ڈے کرکٹ میں آپ کو بے دھڑک کھیلنا ہوتا ہے۔‘
انگلش بیٹر نے مزید کہا کہ ’ہم ایک وقت پر ایک ہی میچ کے بارے میں سوچتے ہیں، ہم زیادہ نہیں سوچتے، جہاں تک میری بات ہے، میں بہت بنیادی کھیل کھیلتا ہوں۔‘
فِل سالٹ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کر چکے ہیں۔
وہ انگلینڈ کی جانب سے آٹھ ون ڈے میچز میں 52 کی اوسط سے 369 رنز بنا چکے ہیں جبکہ نو ٹی20 میچز میں فل سالٹ نے 127 رنز بنائے ہیں۔
فِل سالٹ اکتوبر میں آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے بھی انگلینڈ کے سکواڈ کا حصہ ہیں۔

شیئر: