Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نسیم شاہ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، انگلینڈ کے خلاف سیریز سے باہر

گزشتہ روز نسیم شاہ کو ہسپتال داخل کروایا گیا تھا جہاں ان میں نمونیا بخار کی تشخیص ہوئی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جس کے بعد وہ انگلینڈ کے خلاف جاری ٹی20 سیریز کے بقیہ دونوں میچز سے باہر ہوگئے ہیں۔
کرک انفو کے مطابق نسیم شاہ کا نمونیا بخار کے دوران کورونا کا ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا ہے جس کے بعد فاسٹ بولر ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔
گزشتہ روز نسیم شاہ کو ہسپتال داخل کروایا گیا تھا جہاں ان میں نمونیا بخار کی تشخیص ہوئی تھی۔
تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ اب بہتر محسوس کر رہے ہیں۔
بیماری کے باعث نسیم شاہ جہاں انگلینڈ کے خلاف لاہور میں جمعے اور اتوار کو شیڈول دونوں ٹی 20 میچز سے باہر ہوگئے وہیں نیوزی لینڈ میں ورلڈ کپ سے پہلے شیڈول ٹرائی سیریز میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔
نیوزی لینڈ میں شیڈول ٹی20 ٹرائی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کی نیوزی لینڈ 3 اکتوبر کو روانگی متوقع ہے۔ تاہم نسیم شاہ کے ٹیم کے ساتھ روانہ ہونے کے امکانات کم ہیں۔
نسیم شاہ اس سے پہلے ایشیا کپ میں انڈیا کے خلاف پہلے میچ میں بھی بولنگ کرواتے ہوئے انجرڈ ہوگئے تھے۔
اس سے پہلے پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی ایشیا کپ سے گھٹنے کی انجری کے باعث باہر ہوگئے تھے تاہم اب انھوں نے بولنگ پریکٹس بھی شروع کردی ہے۔
انگلینڈ کے خلاف جاری سیریز میں نسیم شاہ نے صرف پہلا میچ کھیلا تھا جس کے بعد انھیں آرام دیا گیا تھا۔
نسیم شاہ  پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 13 ٹیسٹ میچز میں 33، 3 ون ڈے میچز میں 10 اور 6 ٹی20 میچز میں 7 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

شیئر: