Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگلینڈ نے پاکستان انڈیا ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کی پیش کش کردی

کرکٹ کے میدانوں میں سنہ 2012 سے پاکستان اور انڈیا کے مایبن کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ شائقین کے لیے ایک اچھی خبر انگلینڈ سے آئی ہے جہاں کے کرکٹ بورڈ نے پاکستان انڈیا ٹیسٹ سیریز کی میزبانی کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلیگراف کی ایک رپورٹ کے مطابق انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ بورڈز سے رابطہ کر کے نیوٹرل وینیو پر دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان ٹیسٹ سیریز کرانے کی پیشکش کی ہے۔
کرکٹ کے میدانوں میں سنہ 2012 سے پاکستان اور انڈیا کے مایبن کوئی دوطرفہ سیریز نہیں کھیلی گئی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ سنہ 2012 میں انڈیا کا دورہ کیا تھا جس میں تین ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کے علاوہ ٹی20 بھی کھیلے گئے تھے۔
دونوں ملکوں کے مابین کشیدگی کے باعث کرکٹ سیریز بھی منعقد نہ کی جا سکی۔
اگر ٹیسٹ سیریز کی بات کی جائے تو پاکستان اور انڈیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان سنہ 2008 کے بعد کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔
پاکستان اور انڈیا کے درمیان اب تک 59 ٹیسٹ میچز کھیلے جا چکے ہیں جن میں سے پاکستان نے 12 جبکہ انڈیا نے نو میں کامیابی حاصل کی۔ باقی میچز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔

پاکستان اور انڈیا کے درمیان گزشتہ 14 برسوں میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

دونوں ملکوں کی ٹیموں کے درمیان اب تک 132 ایک روزہ انٹرنیشنل میچز کھیلے گئے جن میں سے پاکستان نے 73 میں کامیابی حاصل کی جبکہ انڈیا نے 55 جیتے۔
ٹی20 میں انڈیا کا پلڑہ بھاری ہے جہاں اس کی ٹیم نے سات میچوں میں پاکستان کو شکست دی جبکہ پاکستان نے تین میچز جیتے۔

شیئر: