Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قابل اعتراض مناظر کا الزام، ایکتا کپور کے وارنٹ گرفتاری جاری

سال 2020 میں ایک شہری نے ویب سیریز سے متعلق شکایت درج کروائی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی
انڈیا کی عدالت نے آن لائن سٹریمنگ پلیٹ فارم آلٹ بالاجی پر نشر ہونے والی ویب سیریز ’ٹرپل ایکس‘ کی پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ایکتا کپور اور والدہ کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ویب سیریز میں فوجیوں کی بےعزتی کرنے اور ان کے اہل خانہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھہ کپور کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے۔
آن لائن پلیٹ فارم آلٹ بالاجی انڈیا کی ٹیلی ویژن کمپنی بالاجی ٹیلی فلمز کا حصہ ہے جس کی سربراہ ایکتا کپور ہیں جبکہ ان کی والدہ بھی کمپنی کے ساتھ منسلک ہیں۔
ریاست بہار کے ضلع بیگوسرائے کی عدالت کے جج وکاس کمار نے ایک شہری شمبو کمار کی شکایت کی بنیاد پر گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔
ضلع بیگوسرائے کے رہائشی شمبو کمار نے سال 2020 میں شکایت درج کروائی تھی کہ ویب سیریز میں فوجی کی بیوی سے متعلق بہت سارے قابل اعتراض مناظر ہیں۔
شمبو کمار کے وکیل کا کہنا ہے کہ عدالت نے ہدایات جاری کر دی ہیں اور ایکتا کپور اور ان کی والدہ کو پیش ہونے کا کہا ہے۔
وکیل کے مطابق ایکتا کپور نے عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ اعتراض کے بعد چند سینز ہٹا دیے گئے تھے۔ تاہم عدالت میں نہ پیش ہونے پر ان کی گرفتاری کا حکم دیا گیا ہے۔

ایکتا کپور نے کرشمہ اور عالیہ بھٹ کی فلم اڈتا پنجاب پروڈیوس کی تھی۔ فوٹو: اے ایف پی

خیال رہے کہ سال 2020 میں ہی انڈیا کے مشہور یوٹیوبر ’ہندوستانی بھاؤ‘ عرف عرفان فاتک نے ایکتا کپور اور ان کی والدہ شوبھا کپور کے خلاف پولیس کو درخواست دی تھی کہ ویب سیریز میں فوج کی توہین کی گئی ہے، لہٰذا مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی کی جائے۔
ویب سیریز میں دکھایا گیا ہے کہ ایک انڈین فوجی کی بیوی کے ایک اور شخص کے ساتھ رومانوی تعلقات ہیں۔
ویب سیریز ٹرپل ایکس میں جنسی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کو دکھایا گیا ہے جس کا پہلا سیزن سال 2018 جبکہ دوسرا 2020 میں ریلیز ہوا تھا۔
ایکتا کپور بالی وڈ کے ماضی کے مشہور اداکار جیتندر کی صاحبزادی اور مشہور ٹیلی ویژن پروڈیوسر ہیں۔

شیئر: