Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گانے کا ستیاناس کردیا‘، فالگونی پاٹھک نیہا ککڑ سے ناخوش

فالگونی پاٹھک نےکہا ہے کہ اس ری میک نے اصل گانے کی خوب صورتی کو گہنا دیا ہے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
معروف انڈین گلوکارہ فالگونی پاٹھک نے اپنے گانے ’میں نے پائل ہے چھنکائی‘ کے ری میک پر نیہا ککڑ کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
انڈین اخبار ’ہندوستان ٹائمز‘ کے مطابق فالگونی پاٹھک نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ اپنے نئے گانے ’اوسجنا‘ کی ریلیز سے قبل یا بعد میں نیہا ککڑ نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ نیہا ککڑ کے خلاف مقدمہ دائر کرناچاہتی ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ان کے پاس ’میں نے پائل ہے چھنکائی‘ کے حقوق نہیں ہیں۔
دوسری جانب بہت سے مداحوں نے نیہا ککڑ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ اصل گانے کو ’برباد‘ کرنے کے مترادف ہے۔
فالگونی پاٹھک نے نہیا کے گانے ’اوسجنا‘ پر ناپسندیدگی کا اظہار مداحوں کی تنقیدی پوسٹیں شیئر کر کے کیا۔
انہوں نے اپنے انٹرویو میں کہا کہ ’مجھے اس گانے کی وجہ سے بے پناہ محبتیں ملی تھیں کیونکہ اس نے بہت سے لوگوں کے احساسات کو چھوا تھا۔‘
یاد رہے کہ فالگونی پاٹھک کا گانا ’میں نے پائل ہے چھنکائی‘ 1999 میں ریلیز ہوا تھا۔ یہ گانا اپنی ریلیز کے وقت بہت مقبول ہوا تھا۔
نیہا ککڑ کا گانا ’او سجنا‘ 19 ستمبر کو یوٹیوب پر ریلیز کیا گیا جس میں فالگونی پاٹھک کے گانے کی دھنیں استعمال کی گئیں۔ اس نئے گانے میں نیہا کے علاوہ پرنایک شرما اور دھانشری کو بھی فلمایا گیا ہے۔
یہ گانا پرانے ہندی گانوں کی ری میکنگ کے لیے مشہور تانشک پغچی نے کمپوز کیا ہے۔
سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹاگرام پر متعدد مداحوں نے نئے گانے کے لیے ناپسندیدگی پر مبنی اپنے تبصروں میں فالگونی اور نیہا دونوں کو ٹیگ کیا ہے۔
فالگونی پاٹھک نے ایسی بہت سی پوسٹوں کو اپنی سٹوریز میں مزید کچھ لکھے بغیر شیئر کیا ہے۔
ایسی ہی ایک پوسٹ میں ایک مداح نے لکھا کہ ’ہمیں اپنی آواز اور ری میک کے ذریعے اذیت دینا بند کرو۔‘
فالگونی پاٹھک نے ’دہلی ٹائمز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس (نئے)گانے نے اصل گانے کی خوب صورتی کو گہنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا ’ویڈیو اور پکچرائزیشن میں جو معصومیت تھی۔ اس کا پورا سنتیاناس کیا ہے اس گانے میں۔‘
’ری مکس ہوتے ہیں لیکن انہیں اچھے طریقے سے کرنا چاہیے۔ اگر آپ اپنے گانے کے ذریعے نئی نسل تک پہنچنا چاہتے ہیں تو اس کی دھنیں بدلیں، اسے گھٹیا نہ بنائیں۔گانے کی اویجنیلیٹی کو تبدیل نہ کریں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’میرا نہیں خیال کہ مجھے اس پر کچھ کرنا ہے۔ میرے مداح اس کی خبر لے رہے ہیں۔ میں صرف سٹوریز شیئر کر رہی ہوں۔‘
’جب وہ میری سپورٹ کر رہے ہیں تو میں کیسے چپ رہ سکتی ہوں۔‘
’میں کیسے چپ بیٹھوں۔‘

شیئر: