Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلوریڈا میں طوفان، بے گھر سعودی شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا

امریکی صدر نے کہا ہے کہ ’ایان‘ فلوریڈا کی تاریخ کا سے سے مہلک طوفان بن سکتا ہے (فوٹو: اے یف پی)
امریکی ریاست فلوریڈا میں سمندری طوفان ’ایان‘ سے بےگھر ہونے والے سعودی شہریوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق امریکہ میں سعودی عرب کی سفیر ریما بندر السعود نے ہیوسٹن میں قونصل جنرل شفیع بن بیجاد العتیبی سے رابطہ کیا تاکہ سمندری طوفان ’ایان‘ سے بےگھر ہونے والے سعودی شہریوں کے انخلا کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق شہزادی ریما کو سعودی شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور ان کی دیکھ بھال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
سفیر نے سفارت خانے اور قونصل خانے کے عملے کا ان کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور ان پر زور دیا کہ بحران ختم ہونے تک شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے۔
سمندری طوفان ایان جو امریکہ میں اب تک ریکارڈ کیے گئے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک ہے،  نے بدھ کے روز فلوریڈا کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔
طوفان کے باعث فلوریڈا میں سیلاب آگیا اور تقریباً 20 لاکھ گھر بجلی سے محروم ہو گئے۔
امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ سمندری طوفان سے ’کافی جانی نقصان‘ ہو سکتا ہے اور یہ فلوریڈا کی تاریخ کا سے سے مہلک طوفان بن سکتا ہے۔
مقامی اطلاعات کے مطابق جمعرات کی رات تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد 12 ہو گئی ہے۔

شیئر: