Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمرہ کمپنیوں اور اداروں کی مانیٹرنگ، زائرین کی شکایت پر کارروائی

وزارت نے  سفر کو آسان اور خدمات کا معیار بہتر بنانے کی ہدایت کی ہے ( فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت حج و عمرہ نے کہا ہے کہ عمرہ کمپنیاں عمرے کے سفر کو آسان بنائیں اور خدمات کا معیار بہتر کریں۔  
عکاظ اخبار کے مطابق وزارت نے تمام عمرہ کمپنیوں و اداروں سے کہا کہ وہ عمرہ زائرین کے لیے عمرہ پرمٹ اور ریاض الجنہ میں نماز کے لیے اجازت نامے جاری کرانے کی پابندی اور مقررہ وقت پر مسجد الحرام پہنچانے کا اہتمام کریں۔ زائرین کو گروپوں کی صورت میں مسجد الحرام لے جایا جائے۔‘ 
وزارت نے عمرہ کمپنیوں و اداروں سے کہا کہ ’اگر عمرہ زائر مکہ مکرمہ میں قیام کے دوران ایک سے زیادہ بارعمرہ کرنا چاہتا ہو یا مدینہ منورہ میں موجودگی کے دوران ایک سے زیادہ بار ریاض الجنہ میں نماز ادا کرنے کا خواہش مند ہو، تو اس کے لیے عمرہ اور ریاض الجنہ میں نماز کا پرمٹ جاری کرانے میں کوتاہی سے کام نہ لیا جائے۔‘ 
وزارت کے مطابق ’عمرہ کمپنیوں و اداروں کی کارکردگی پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ فیلڈ ٹیمیں صورت حال  کا جائزہ لے رہی ہیں۔ مشینی نظام کے تحت بھی نگرانی کی جا رہی ہے۔‘
وزارت نے بیان میں مزید کہا کہ ’فیلڈ کنٹرولر ٹیموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اطراف میں واقع سینٹرز میں موجود رہیں اور زائرین کے حوالے سے ریکارڈ پر آنے والی ہر خلاف ورزی کا اندراج کریں۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے حوالے سے ایسی قانونی کارروائی کریں جو دوسروں کے لیے سبق کا باعث بنے۔‘

شیئر: