Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوبیل پیس پرائز کے امیدواروں میں شامل انڈیا کے دو فیکٹ چیکر کون ہیں؟

نوبیل پیس پرائز کی دوڑ میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی شامل ہیں۔ فائل فوٹو: روئٹرز
رواں سال نوبیل پیس پرائز کی تقریب جمعے کو ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں منقعد کی جا رہی ہے۔
نوبیل پیس پرائز کے لیے جہاں دنیا بھر سے انسانیت کی مدد اور فلاح و بہبود کے کام کرنے والی شخصیات کو مدعو کیا گیا ہے وہیں اس مرتبہ ان امیدواروں میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے دو فیکٹ چیکرز اور صحافیوں کو بھی فہرست میں شامل کیا گیا۔
نوبیل پیس پرائز کے امیدواروں میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے آلٹ نیوز کے بانی اور شریک بانی پراتیک سنہا اور محمد زبیر بھی شامل ہیں۔
پراتیک سنہا اور محمد زبیر نے سنہ 2017 میں انڈیا کے سوشل میڈیا پر فیک نیوز اور پروپیگنڈا مواد کے خلاف ’آلٹ نیوز‘ کے نام سے ایک فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ بنائی تھی جس کا شمار اس وقت بڑی فیک چیکنگ سروسز میں ہوتا ہے۔
آلٹ نیوز کے بانی پراتیک سنہا پیشے کے لحاظ سے سافٹ ویئر انجینیئر تھے لیکن انہوں نے اس کے بجائے صحافت اور لکھنے کا کام شروع کیا۔
پراتیک سنہا نے اس سے پہلے ’ٹروتھ آف گجرات‘ کے نام سے ویب سائٹ چلاتے تھے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر غلط معلومات، جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا کے خلاف ’انڈیا مِس انفورمڈ‘ کے نام سے ایک کتاب بھی لکھی ہے۔
فیکٹ چیکنگ ویب سائٹ آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انڈیا کی دائیں بازو کی سیاسی اور مذہبی جماعتوں کی جانب سے اپلوڈ کیے جانے والے مواد، بالخصوص حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے پروپیگنڈا کے خلاف کام کرتے ہیں۔
محمد زبیر اپنے ٹویٹس کے ذریعے انڈیا میں انٹرنیٹ کے ذریعے پھیلنے والی غلط معلومات، بالخصوص انڈین مسلمانوں اور اقلیتوں کے خلاف اپلوڈ ہونے والے پروپیگنڈا کی اصلیت بتاتے ہیں۔
وہ اس وجہ سے دائیں بازو کی سوچ والی پارٹیوں اور مخالفین کے نشانے پر رہتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں مقدمات کا بھی سامنا رہا ہے۔
رواں سال بے جی پی کی ترجمان نوپور شرما کی جانب سے پیغمبر اسلام کی گستاخی کرنے والی ویڈیو کو سامنے لانے میں محمد زبیر کا کردار سب سے اہم تھا جس کے بعد انڈین حکومت کے خلاف مشرق وسطٰی سمیت دنیا بھر میں احتجاج کیا گیا تھا۔
پیغمبر اسلام کی توہین کے واقعے کو سامنے لانے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد زبیر کو چار سال پہلے شیئر کی جانے والی میم پر مقدمہ بنا کر انہیں گرفتار کر لیا تھا۔
محمد زبیر اور پراتیک سنہا کو نوبیل پیس پرائز جیتنے کے لیے مضبوط امیدوار مانا جا رہا ہے۔
محمد زبیر اور پراتیک سنہا کے علاوہ نوبیل پیس پرائز کی دوڑ میں یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی، بیلاروس کی جلا وطن اپوزیشن لیڈر سوتلانا تیخانو فسکایا، روس میں کرپشن کے خلاف مہم چلانے والے رہنما الیکسی نوالنے شامل ہیں۔

اس کے علاوہ نوبیل پیس پرائز کے امیدواروں میں ماحولیاتی آلودگی کے خلاف آواز بلند کرنے والی گریٹا تھنبرگ اور معروف ماہر حیاتیات اور براڈکاسٹر ڈیوڈ ایٹنبورو بھی شامل ہیں۔

شیئر: