پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں ایک شخص نے بھائی کے قتل کے ملزمان کو عدالت کے احاطے میں قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ’قتل کا یہ واقعہ ضلع صوابی میں منگل کے روز جوڈیشل کمپلیکس میں پیش آیا جہاں 65 سالہ شخص فقیر گل نے فائرنگ کرکے اپنے بھائی کے قتل کے دو ملزمان کو ہلاک کردیا۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ ’یہ ملزمان عدالت میں پیشی کے لیے آرہے تھے۔‘
مزید پڑھیں
-
لاہور میں ایک اور پولیس مقابلہ، کیا مرنے والے واقعی ڈکیت تھے؟Node ID: 704271
-
کوئٹہ میں بیویوں اور بچوں میں ’تفریق‘ پر باپ بیٹے کے ہاتھوں قتلNode ID: 706096
واقعے کے بعد ملزم کو گرفتار کرلیا گیا جس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے جیل بھیج دیا ہے۔
بزرگ شہری نے قتل کیوں کیے؟
مقامی صحافی ایاز خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’ملزم فقیر گل کی عمر 65 سال ہے، ان کا چھوٹا بھائی 2015 میں اراضی کے تنازعے پر قتل کردیا گیا تھا۔‘
’بھائی کے قتل کے بعد ملزم فقیر گل نے بدلہ لینے کے بجائے قانون کا راستہ اپنایا مگر گذشتہ سات برسوں سے عدالت کے چکر کاٹتے کاٹتے ملزم فقیر گل کی ہمت جواب دے گئی۔‘
صحافی ایاز خان کا مزید کہنا تھا کہ ’ملزم فقیر گل انصاف میں تاخیر پر مایوس ہوچکا تھا کیونکہ ملزمان اثرورسوخ رکھتے تھے اور انہیں تاریخ پر تاریخ مل رہی تھی۔‘
عینی شاہدین کے مطابق ’عدالت کے باہر فقیر گل نے گولی چلانے کے بعد مزاحمت نہیں کی بلکہ خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔‘
