Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نامعلوم افراد کی فائرنگ، ضلع خیبر میں امن جرگے کے ممبر سمیت دو افراد ہلاک

پولیس کے مطابق منصف خان پر خیل باڑہ کے قریب حملہ کیا گیا۔ (فوٹو: اردو نیوز)
خیبرپختونخوا میں ضم ہونے والے قبائلی ضلع خیبر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قبائلی رہنما اور امن جرگے کے متحرک ممبر منصف خان ہلاک ہو گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق منصف خان پر خیل باڑہ کے قریب حملہ کیا گیا۔
ضلع خیبر کے ڈسٹرکٹ پولیس افیسر (ڈی پی او) عمران خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’منصف خان گاڑی میں سوار تھے کہ حملہ آوروں نے اندھا دھند فائرنگ کی جس سے ان سمیت ایک راہگیر ہلاک ہو گیا۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’قبائلی رہنما کی سکیورٹی پر مامور پولیس کانسٹیبل کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ایف آئی آر درج کی جائے گی۔‘
ڈی پی او عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ قبائلی مشر منصف خان پر رواں سال مارچ میں بھی حملہ ہوا تھا جس میں وہ بال بال بچ گئے تھے۔ ان کے ساتھ سکیورٹی کے لیے ایک پولیس اہلکار تعینات کر دیا گیا تھا۔

منصف خان نے کچھ روز قبل ضلع خیبر میں امن ریلی کی قیادت بھی کی تھی۔ (فوٹو: اردو نیوز)

حملے کے حوالے سے مقامی صحافی احتشام خان نے اردو نیوز کو بتایا کہ اس ’واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی گئی ہے جس میں حملہ آور نظر آ رہے ہیں۔ حملہ میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی پولیس نے برآمد کر لی ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’منصف علی آج پشاور رنگ روڈ میں امن جرگہ سے واپس آ رہے تھے کہ گھر کے قریب ان پر حملہ ہوا۔‘
واضح رہے کہ مصنف خان نے کچھ روز قبل ضلع خیبر میں امن ریلی کی قیادت بھی کی تھی۔

شیئر: