Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جازان بندرگاہ پر جہاز میں آتشزدگی، سعودی کوسٹ گارڈ نے عملے کو بحفاظت نکال لیا

متاثرہ جہاز پرعملے کے 25 افراد سوار تھے(فوٹو، ایس پی اے)
سعودی کوسٹ گارڈ نے جازان کی بندرگاہ کے قریب سمندری مال بردارجہاز میں لگنے والی آگ کے دوران متاثرہ جہاز کے عملے کو بحفاظت بندرگاہ پرپہنچا دیا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق کارگوشپ جس پرجمہوریہ پانامہ کا پرچم لہرارہا تھا میں آگ لگ گئے ۔ متاثرہ جہاز جازان کی بندرگاہ سے 123 میل دورشمال مغربی کی جانب لنگرانداز تھا۔
جہاز کے جس حصے میں آگ لگی تھی وہاں تجارتی اشیا کے کنٹینرز رکھے تھے۔ آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی سعودی کوسٹ گارڈ کی امدادی ٹیمیں متاثرہ جہاز کے عملے کو بچانے کےلیے وہاں پہنچ گئیں۔

کریو کوبحفاظت بندرگاہ پرپہنچا دیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)

کوسٹ گارڈ کے امدادی عملے نے ایک اورغیرملکی جہاز کے عملے کے ساتھ مل کرمتاثرہ جہاز کے کریو کو بحفاظت جہاز سے نکالا اورانہیں بندرگاہ تک پہنچادیا۔
کوسٹ گارڈ کے ترجمان کرنل مسفر القرینی نے بتایا کہ سمندری امداد کے عالمی قانون پرعمل کرتے ہوئے امدادی کال موصول ہونے کے بعد فوری طورپرمتاثرہ جہازکی لوکیشن نوٹ کرکے امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئیں۔
ترجمان کوسٹ گارڈ نے مزید کہا کہ متاثرہ جہاز پرکریو کے 25 افراد سوار تھے جن کا تعلق مختلف ممالک سے تھا۔ کریو کے تمام افراد کو بحفاظت متاثرہ جہاز سے اتارا اورانہیں بندرگاہ پرپہنچا دیا جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے رہائشی مقام پرپہنچا دیا گیا۔

شیئر: