Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ میں گاڑیوں سے قیمتی سامان چرانے والا ’ فلفو‘ گروہ گرفتار

پولیس کو مختلف علاقوں میں وارداتوں کی شکایات ملی تھیں ( فائل فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مکہ مکرمہ پولیس نے نوجوانوں کے ’فلفو‘ گروہ کے خلاف کارروائی کی ہے جو رات کے وقت شہر کے مختلف علاقوں میں پارک گاڑیوں کے شیشے توڑ کر ان سے قیمتی سامان چرانے میں ملوث ہے۔ 
اخبار 24 کے مطابق مکہ پولیس نے گاڑیوں کے شیشے توڑ کر قیمتی اشیا چوری کرنے والے مقامی نوجوانوں پر مشتمل گروہ کے ارکان کو گرفتار کیا ہے۔
پولیس نے بیان میں کہا کہ ’فلفو‘ گروہ کے خلاف کارروائی ایک شہری کی اس رپورٹ پر کی گئی جس کی گاڑی کا شیشہ توڑ کر بینک اور فیملی کارڈ سمیت دیگر اشیا چوری کی گئی تھیں۔ دیگر افراد کی جانب سے بھی اسی طرح کی شکایات ملی تھیں۔
شکایت درج کرانے والوں میں ایک بات مشترک تھی کہ ان کی گاڑی فلاں محلے میں کھڑی تھی اور رات کو شیشہ توڑ کر قیمتی سامان چوری کرلیا گیا۔ 
پولیس کا کہنا ہے کہ ’گشتی سیکیورٹی فورس نے مکہ کے تمام شمالی محلوں میں مسلسل گشت کرکے تمام شواہد جمع کیے اور وارداتوں میں ملوث افراد کا سراغ لگایا‘۔
پولیس نے بتایا کہ ’ایک ملزم کو پٹرول سٹیشن سے پکڑا گیا۔ اس نے اقبال جرم کرتے ہوئے گروہ کے دوسرے ارکان کی نشاندہی کی جنہیں حراست میں لیا گیا‘۔
’ چوری کے واقعات کی نشاندہی کے لیے ان کے فنگر پرنٹس لیے گئے۔ سپیشل کورٹ  میں مقدمہ بھیجنے سے قبل پبلک پراسیکیوشن کو تمام حقائق سے آگاہ کیا گیا ہے‘۔

شیئر: