Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویتی وزیر خارجہ مستعفی، کابینہ میں شمولیت سے معذرت

وزیر محنت عمار العجمی بھی اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں (فائل فوٹو ٹوئٹر)
کویت میں جمعے کو شیخ ڈاکٹر احمد الناصر نے بحیثیت وزیر خارجہ کابینہ میں شمولیت سے معذرت کرلی ہے۔ 
کویتی جریدے القبس کے مطابق کابینہ کی تشکیل کے تین دن کے اندر یہ دوسرا استعفی ہے۔ اس سے قبل وزیر محنت، و بجلی و پانی و تجدد پذیر توانائی عمار العجمی اپنے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں۔
کویت کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ’  شیخ ڈاکٹر احمد الناصر نے تین صفحات پر مشتمل استعفی میں کہا ہے کہ ملکی اعلی سیاسی قیادت نے ان پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر فخر ہے تاہم وہ ملکی مفاد میں وزارت خارجہ کا منصب قبول کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے‘۔ 
اعلی عہدیدار نے یہ بھی بتایا کہ ’شیخ ڈاکٹر احمد الناصر نے شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کو وزیراعظم بنائے جانے کا فرمان جاری ہونے سے قبل ہی وزارت خارجہ کا منصب قبول کرنے سے معذرت کرلی تھی‘۔ 
 استعفوں کا سلسلہ نئی کابینہ کی تشکیل کے اعلان کے ساتھ سامنے آیا ہے۔ اب تک 45 ممبران پارلیمنٹ نئی کابینہ پر تحفظات کا اظہار کرکے نظرثانی کا مطالبہ کرچکے ہیں۔ 
واضح رہے کہ امیر کویت شیخ نواف الاحمد الصباح نے شیخ احمد نواف الاحمد الصباح کو وزیراعظم مقرر کرکے نئی کابینہ کی تشکیل کا فرمان جاری کیا تھا۔ 
کابینہ میں طلال خالد الاحمد الصباح کو وزیراعظم کا نائب اول اور وزیر داخلہ، ڈاکٹر محمد عبداللطیف الفارس کو نائب وزیراعظم و وزیر مملکت برائے امور منسٹرز کونسل اور ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح کو وزیر خارجہ بنایا گیا تھا۔
حسین اسماعیل ک محمد الفارس کی جگہ نیا وزیر پٹرولیم اور عبداللہ  السالم الصباح وزیر دفاع مقرر کیا گیا تھا۔ عبدالوھاب الرشید کو وزیر خزانہ و وزیر مملکت برائےاقتصادی و سرمایہ کاری امور برقرار رکھا گیا۔
 کابینہ کے دیگر ارکان میں ڈاکٹر رنا عبداللہ الفارس کو وزیر مملکت برائے بلدیاتی امور و وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و کمیونیکیشن، عبدالرحمن المطیری کو وزیر اطلاعات و ثقافت اور وزیر مملکت برائے امور نوجوانان، ڈاکٹر احمد العوضی کو وزیر صحت، ڈاکٹر خلیفہ ثامر الحمیدہ کو وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور، عمار العجمی کو وزیر محنت، بجلی و پانی و تجدد پذیر توانائی، مازن الناھض کو وزیر تجارت و صنعت، ڈاکٹر مثنی الرفاعی کو وزیر تربیت و اعلی تعلیم و ریسرچ، ڈاکٹر محمد عبدالرحمن کو وزیر انصاف و وزیر اوقاف و اسلامی امور اور ھدی عبدالمحسن الشایجی کو وزیر سماجی و فلاحی امور شامل ہیں۔

شیئر: