کار انشورنس فیس میں اضافے کے اسباب کیا ہیں؟
اس سال 2021 کے مقابلے میں ٹریفک حادثات 25 فیصد زیادہ ہوئے۔ (فوٹو عرب نیوز)
ولا کوآپریٹو انشورنس کمپنی میں گاڑیوں کی انشورنس سیکشن کے سربراہ ترکی الملحم نے کہا ہے کہ ’کاروں کی انشورنس فیس بڑھنے کے 4 بڑے اسباب ہیں۔‘
ایم بی سی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کی انشورنس کی لاگت میں اضافے کا ایک سبب یہ ہے کہ سال رواں 2022 کے ابتدائی 9 ماہ کے دوران 2021 کے مقابلے میں ٹریفک حادثات 25 فیصد زیادہ ہوئے۔
دوسرا سبب گاڑیوں کو پہنچنے والے نقصانات کی لاگت میں اضافہ ہے۔
سپیئر پارٹس مہنگے ہوچکے ہیں۔ سروس چارجز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لاجسٹک خدمات بھی مہنگی ہوئی ہیں۔
تیسرا سبب یہ ہے کہ بعض ٹریفک حادثات میں نقصانات کا تخمینہ بڑھا کر پیش کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے دھوکے بازی ہو رہی ہے۔
امدادی خدمات کے حوالے سے انشورنس کمپنیوں کی لاگت بھی بڑھ گئی ہے۔
ترکی الملحم نے کہا کہ سعودی عرب میں گاڑیوں کی انشورنس کا رواج 51 فیصد سے زیادہ نہیں ہے جبکہ سعودی سینٹرل بینک ساما 2025 تک اس حوالے سے 77 فیصد تک کا ہدف مقرر کیے ہوئے ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں