Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بغیر انشورنس گاڑی چلانے پر 150 ریال جرمانہ

محکمہ ٹریفک گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانے والوں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے ( فوٹو: سبق)
سعودی محکمہ ٹریفک نے مقامی شہریوں اور یہاں مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانا ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ہے لہذا انشورنس نہ کرانے والوں کو 150 ریال جرمانہ ہوگا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ ٹریفک نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر واضح کیا ہے کہ ’اگر کسی شخص نے گاڑی کی انشورنس نہ کرائی تو ایسی صورت میں اس پر سو تا 150 ریال جرمانہ ہوگا۔‘
محکمہ ٹریفک نے گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانے والوں کے خلاف ایک مہم بھی شروع کر رکھی ہے۔ تفتیشی چوکیوں اور اہم چوراہوں پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جاتی ہے، کاغذات طلب کرنے پر اگر انشورنس دستاویز نہ ہوں تو ایسی صورت میں ایک سو تا ڈیڑھ سو ریال تک کا جرمانہ کر دیا جاتا ہے۔

گاڑیوں کی انشورنس نہ کرانا ٹریفک خلاف ورزی ہے ( فوٹو: سابق)

محکمہ ٹریفک نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ ’اگر کسی گاڑی کا ٹریفک حادثہ ہو جائے اور ایسی صورت میں یہ بات سامنے آئے کہ کار کے مالک نے انشورنس نہیں کرائی تو ٹریفک حادثے کی کارروائی کے ساتھ انشورنس نہ کرانے کا جرمانہ بھی الگ سے کیا جاتا ہے۔‘
محکمہ ٹریفک نے توجہ دلائی ہے کہ اگر کسی شخص کے خلاف  ٹریفک جرمانہ کیا گیا ہو اور اس کو یہ لگے کہ جرمانہ غلط ہے تو وہ 30 دن کے اندر اس کے خلاف اعتراض ریکارڈ کرا سکتا ہے۔ 30 دن کی مدت ٹریفک خلاف ورزی کے اندراج کے دن سے شمار کی جائے گی۔
  • واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں

شیئر: