Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گھریلو عملے کی ملازمت کے معاہدے کی انشورنس، پیکیج کیا ہے؟

انشورنس سکیم ابتدائی 2 سال کے لیے لازمی کی جائے گی (فوٹو عکاظ)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود بہت جلد ریکروٹنگ کمپنیوں کو گھریلو عملے کی ملازمت کے معاہدے کی انشورنس کا پابند بنائے گی۔
عکاظ اخبار کے مطابق انشورنس کے قواعد و ضوابط  تیار کیے جا رہے ہیں۔ یہ کام مکمل ہوتے ہی عمل درآمد کا اعلان کیا جائے گا۔ 
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ کارکن کی موت، فرار ہونے، ڈیوٹی پر نہ آنے یا لاپتہ ہوجانے کی صورت میں آجر کو انشورنس پیکیج کے تحت مطلوبہ اخراجات ملیں گے۔ موت کی صورت میں میت کی واپسی کے اخراجات انشورنس کمپنی ادا کرے گی۔ 
پروگرام کے مطابق ریکروٹنگ کمپنیوں پر یہ پابندی ہوگی کہ اگر ملازم مر جائے، ڈیوٹی سے قاصر رہے، نازک یا لاعلاج مرض میں مبتلا ہوجائے تو ان تمام صورتوں میں ریکروٹنگ کمپنی آجر کو متبادل کارکن فراہم کرے۔ 
انشورنس پروگرام میں گھریلو عملے کے جائز مفادات کا تحفظ شامل ہے۔ مثلاً اگر وہ مکمل طور پر معذور ہو جائے یا کسی حادثے کی وجہ سے مستقل بنیاد پر جزوی طور پر معذور ہوجائے تو ایسی صورت میں اسے معاوضہ لینے کا حق ہوگا۔ اسی طرح اگر آجر کی موت کی وجہ سے اسے تنخواہ نہ ملی ہو تو ایسی صورت میں بھی اسے معاوضہ دیا جائے گا۔  
 اگر آجر تنخواہ کی ادائیگی کی پوزیشن میں نہ رہے تو ایسی صورت میں بھی گھریلو ملازم کے نقصان کا تدارک کرنا ہوگا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ’انشورنس کی لاگت، ریکروٹنگ کمپنی یا ایجنسی اور آجر کے درمیان ہونے والے معاہدے کی لاگت بھی انشورنس سکیم میں شامل ہو گی۔ سکیم ملازمت کے معاہدے کی تاریخ سے پہلے دو سال  کے لیے ہو گی۔ اس کے بعد اقامے کی تجدید کراتے وقت آجر کی مرضی ہوگی کہ وہ انشورنس سکیم میں توسیع کرائے یا نہ کرائے۔‘
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود اور سعودی سینٹرل بینک ساما گھریلو عملے کی ریکروٹنگ کے معاہدوں کی انشورنس کے نفاذ میں شریک فریق ہیں۔ ساما اور وزارت ’مساند‘ پلیٹ فارم پر انشورنس کمپنیوں کے لنک کے ذریعے یہ کام انجام دیں گی۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: