Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیخوپورہ: نارنگ منڈی میں تیز دھار آلے سے آٹھ افراد قتل، ملزم گرفتار

پولیس کے مطابق ملزم ذہنی مریض لگتا ہے (فوٹو: ٹوئٹر پنجاب پولیس)
پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے سرحدی علاقہ نارنگ منڈی کے گاؤں ہچڑ میں آٹھ افراد کو سوتے ہوئے تیز دھار آلے سے قتل کر دیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
 ڈی پی او شیخوپورہ فیصل مختار کے مطابق تھانہ نارنگ منڈی کے علاقہ ہچڑ میں جنونی شخص نے تیز دھار آلہ کے ساتھ گاؤں کے مختلف مقامات پر گلیوں اور ڈیرہ جات پر سوئے ہوئے افراد کو قتل کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ تھانہ نارنگ منڈی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گٸی اور ملزم فیض الرسول ولد اعجاز احمد کو حراست میں لے لیا۔
 پولیس کے مطابق ملزم ذہنی مریض لگتا ہے، تاہم پولیس تمام زاویوں سے واقعے کی تفتیش کررہی ہے۔
مرنے والوں میں دو افراد کی شناخت ہوگٸی ہے جن کے نام دلاور اور اسد معلوم ہوئے ہیں، ان کی عمریں 22 اور 24 سال ہیں اور وہ ہچڑ گاؤں کے رہائشی ہیں۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے تمام لاشوں کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال مرید کے منتقل کر دیا ہے۔
پنجاب پولیس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ’شیخوپورہ کے نواحی گاؤں میں افسوسناک واقعےمیں ملزم نےایک ہی رات میں مختلف مقامات پر آٹھ افراد کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔ لاہور پولیس کا بہادر کانسٹیبل ظفر اقبال رات ڈیوٹی سے گھر جارہا تھا، ملزم کو دیکھا اور بہادری سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کو گرفتار نہ کرتا تو مزید لوگوں کی جان جا سکتی تھی۔
’پولیس نے ذہنی معذور لڑکے فیض کو گرفتار کرلیا۔ ملزم نے کھیتوں اور سڑکوں پر سوئے افراد کو رات گئے قتل کیا۔ آئی جی پنجاب نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئےجامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔‘

شیئر: