Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’عائشہ نسیم نے شاہد آفریدی اور نسیم شاہ کی یاد تازہ کروا دی‘

عائشہ نسیم پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی تین ایک روزہ اور 22 ٹی20 میچز میں نمائندگی کر چکی ہیں (فوٹو: پی سی بی)
ویمن ایشیا کپ میں پاکستان ویمن ٹیم نے سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے ہرا دیا ہے۔
بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی عمدہ رہی۔
میچ کی خاص بات جہاں عمائمہ سہیل کی پانچ وکٹیں تھیں وہیں عائشہ نسیم کے لگاتار دو چھکوں ںے پاکستان ٹیم کو سنسنی خیز جیت دلوا دی۔
پاکستان ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 9 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے کے عائشہ نسیم نے دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر میچ اپنے نام کر لیا۔
عائشہ نسیم کے ان چھکوں نے کرکٹ مداحوں کو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے بولر نسیم شاہ کے افغانستان کے خلاف چھکوں کی یاد تازہ کروا دی۔
گزشتہ ماہ شارجہ میں کھیلے گئے مینز ایشیا کپ کے میچ میں نسیم شاہ نے پاکستان ٹیم کو تب دو چھکے لگا کر میچ جتوایا تھا جب افغانستان کو جیت کے لیے صرف ایک وکٹ درکار تھی۔
اسی سلسلے میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عائشہ نسیم اور نسیم شاہ کے چھکوں کا موازنہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ارحم لکھتے ہیں کہ ’جن کھلاڑیوں کے نام میں نسیم ہو وہ لگاتار چھکے لگا کر جیتنا پسند کرتے ہیں۔‘
 فاطمہ مسرور نے کہا کہ ’عائشہ نسیم، کیا فنیشر ہیں، ہماری نسیم شاہ ہیں۔‘
سحرش نے نسیم شاہ کی افغانستان کے خلاف تاریخی اننگز کی تصویر اپلوڈ کرتے ہوئے کہا کہ ’آج عائشہ نسیم۔‘

سعد کا کہنا تھا کہ ’عائشہ نسیم نے ابھی شاہد آفریدی کی 2014 اور نسیم شاہ کی 2022 کی اننگز کی یاد تازہ کروا دی۔‘
خیال رہے عائشہ نسیم تین ایک روزہ اور 22 ٹی20 میچز میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

شیئر: