Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سری لنکا کے خلاف دو چھکے لگا کر پاکستان کو جتوانے والی عائشہ نسیم کون ہیں؟

عائشہ کا تعلق پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا سے ہے۔ (فوٹو: عائشہ نسیم/فیس بک)
پاکستان اور سری لنکا کی ویمن ٹیم کے درمیان منگل کو بنگلہ دیش کے شہر سلہٹ میں کھیلے جانے والے میچ میں پاکستانی خواتین نے پانچ وکٹوں سے میچ اپنے نام کرلیا تھا۔
اس میچ کی خاص بات پاکستانی بولر عمائمہ سہیل کی پانچ وکٹیں تھیں اور اس کے علاوہ نوجوان ٹاپ آرڈر بیٹر عائشہ نسیم وہ کھلاڑی ہیں جو سوشل میڈیا پر زیر گفتگو ہیں۔
سری لنکا ویمن ٹیم کے خلاف میچ سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہوچکا تھا اور پاکستان ویمن ٹیم کو جیت کے لیے 9 گیندوں پر 12 رنز درکار تھے۔
عائشہ نسیم نے اگلے اوور کا انتظار کیے بغیر دو گیندوں پر دو چھکے لگا کر پاکستان کو یہ میچ جتوادیا۔
سوشل میڈیا پر کئی صارفین یہ پوچھتے ہوئے پائے گئے کہ یہ عائشہ نسیم ہیں کون اور کہاں سے آئی ہیں؟
عائشہ کا تعلق پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے ہے اور ان کی عمر 18 سال دو ماہ ہے۔ دائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والی پاکستانی بیٹر اکثر دائیں ہاتھ سے ہی میڈیم فاسٹ بولنگ بھی کرتی ہیں۔
خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی عائشہ اگست 2004 میں پیدا ہوئیں تھیں اور وہ اب تک 22 ٹی20 میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جس میں انہوں نے 121.56 کے سٹرائک ریٹ سے 248 رنز بنائے ہیں۔
اس کے علاوہ وہ پاکستانی ویمن ٹیم کے لیے تین ون ڈے میچز بھی کھیل چکی ہیں۔
پاکستانی ٹیم میں آمد سے قبل عائشہ ڈومیسٹک کرکٹ میں پاکستان ویمن اے، ایبٹ آباد ویمن، ویسٹرن ویمن، پی سی بی سٹرائکرز، پی سی بی ڈائنامائٹس، پی سی بی بلاسٹرز، پی سی چیلنجرز اور پی سی بی ویمن ایلیون کی بھی نمائندگی کرچکی ہیں۔

شیئر: