Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تیل پیداوار میں کمی کا اوپیک پلس کا فیصلہ ’درست اور بر وقت‘

یہ فیصلہ اس کامیاب طریقہ کار کے مطابق آیا ہے جو پہلے بھی اپنایا گیا تھا (فا ئل فوٹو روئٹرز)
 تیل پیدا کرنے والے عرب ممالک کی تنظیم اوپیک کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ ’تیل پیداوار میں کمی سے متعلق اوپیک پلس کا فیصلہ درست اور بروقت ہے‘۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز اور سبق کے مطابق اوپیک کے سیکریٹری جنرل علی بن سبت نے ایک بیان میں اشارہ کیا کہ’ اس فیصلے میں عالمی معیشت کے ارد گرد کی غیر یقینی صورتحال، تیل منڈی میں عدم توازن خاص طور پر طلب اور رسد کے پہلووں کو مدنظررکھا گیا ہے‘۔
روئٹرز کے مطابق 2023 کے دوران شرح نمو میں تقریبا تین فیصد کمی متوقع ہے۔
علی بن سبت کا کہنا تھا کہ’ یہ فیصلہ اس کامیاب طریقہ کار کے مطابق آیا ہے جو پہلے بھی اپنایا گیا تھا‘۔
تیل پیدا کرنے والے عرب ممالک کی تنظیم اوپیک میں سعودی عرب، الجزائر، متحدہ عرب امارات، بحرین، قطر، مصر، شام، عراق، تیونس اور لیبیا شامل ہیں۔
یاد رہے کہ اوپیک پلس نے پانچ اکتوبر کو ویانا میں اجلاس کے دوران نومبر میں یومیہ 20 لاکھ بیرل پیداوار کم کرنے پر اتفاق کیا تھا۔
اجلاس کے موقع پرسعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان کا کہنا تھا کہ’ اوپیک پلس عالمی معیشت کے استحکام کا بنیادی ستون ہے اور رہے گا‘۔ 

شیئر: