پاکستانی فضائیہ کا مقامی سطح پر تیار کردہ ’تیمور ویپن سسٹم‘ کا کامیاب تجربہ
پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان ایئر فورس نے مقامی سطح پر تیار کردہ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کیا ہے۔
سنیچر کو جاری کی گئی پریس ریلیز کے مطابق ’تیمور ویپن سسٹم قومی ایرو سپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اہم سنگِ میل ہے۔‘
’تیمور ایئر لانچڈ کروز میزائل 600 کلو میٹر تک کی رینج کے ساتھ دشمن کے زمینی اور بحری اہداف کو انتہائی درست نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں روایتی وار ہیڈ نصب ہے۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’تیمور میزائل جدید ترین نیویگیشن اور گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے اور انتہائی کم بلندی پر پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی بدولت یہ دشمن کے فضائی اور میزائل دفاعی نظام سے بچتے ہوئے اپنے ہدف کو کامیابی سے نشانہ بنا سکتا ہے۔ اس کی پریسژن سٹرائیک صلاحیت پاکستان ایئر فورس کی روایتی دفاعی طاقت اور آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گی جس سے مجموعی قومی دفاع مزید مضبوط ہوگا۔‘
’کامیاب فلائٹ ٹیسٹ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خودانحصاری کا مظہر ہے‘
پریس ریلیز کے مطابق ’کامیاب ٹیسٹ کے اس موقعے پر پاکستان مسلح افواج کے سینیئر افسران کے علاوہ وہ ممتاز سائنسدان اور انجینئرز بھی موجود تھے جنہوں نے اس جدید ویپن سسٹم کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔‘
’پاکستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات نے اس شاندار کامیابی پر سائنسدانوں، انجینئرز اور پوری پی اے ایف ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد دی۔ انہوں نے ان کی پیشہ ورانہ مہارت، لگن اور قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے عزم کو سراہا۔‘
ایئر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ ’ایسی کامیابیاں ٹیکنالوجی میں خودکفالت اور بدلتی علاقائی سکیورٹی صورتحال میں ایک قابلِ اعتماد روایتی دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کے قومی عزم کی عکاس ہیں۔ تیمور ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ پاک فضائیہ کی آپریشنل تیاری، تکنیکی برتری اور قومی سلامتی کے اہداف کے حصول کی مسلسل جدوجہد کو ظاہر کرتا ہے۔‘
